ہری پور میں محکمہ جنگلات کی جانب سے غیر قانونی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی غیر قانونی لکڑی سے لدے ٹرک کو پکڑ کر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی
ہری پور، محکمہ جنگلات ہری پور کی کارروائی , غیر قانونی لکڑی اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

مزید خبریں
ہری پور۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):ہری پور میں محکمہ جنگلات کی جانب سے غیر قانونی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی غیر قانونی لکڑی سے لدے ٹرک کو پکڑ کر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) عقیل احمد کی خصوصی ہدایات پر محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں نے غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے کارروائی عمل میں لائی۔ ایس ڈی ایف او سید توقیر احمد شاہ کی نگرانی میں فاریسٹ گارڈ مہراب خان اور ان کے ہمراہ عملے نے پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر قانونی لکڑی سے بھرے ٹرک کو پکڑ لیا۔ اس کارروائی کو ضلع میں جنگلات کے تحفظ، قیمتی قدرتی وسائل کی حفاظت اور لکڑی کی غیر قانونی کٹائی و اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جنگلات قدرتی ماحول کے توازن، فضائی آلودگی میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے بروقت اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ڈی ایف او عقیل احمد کی ہدایات، ایس ڈی ایف او سید توقیر احمد شاہ کی نگرانی اور فاریسٹ گارڈ مہراب خان سمیت متعلقہ عملے کی عملی کوششوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ امید ہے کہ محکمہ جنگلات اسی جذبۂ خدمت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جنگلات کے تحفظ اور غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔








