آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قومی وطن پارٹی کے 14ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد

آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قومی وطن پارٹی کے 14ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد

پشاور۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے قومی وطن پارٹی کے تمام مشران، پرعزم کارکنان اور خیرخواہوں کو پارٹی کے 14ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جماعت کی بنیاد ایسی طرز فکر، تعمیری سوچ اور لازوال مشن پر قائم کی گئی تھی جو شہیدِ وطن حیات خان شیرپاؤ کی زندگی کا نصب العین تھا۔ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ محروم طبقات، چھوٹی اقوام اور بالخصوص پختون قوم کے حقوق کا تحفظ آج بھی ہمارا سرمایہ حیات ہے۔

اسی جذبہ سے سرشار ہم پختون قوم کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چودہ سالہ سفر ہماری قربانیوں، جدوجہد، اتحاد اور بھائی چارے کا زندہ ثبوت ہے۔ یہ محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریکِ خدمت و ایثار ہے جو عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہے۔

مجھے پورا یقین ہے کہ شہیدِ وطن حیات خان شیرپاؤ کی عوام سے محبت اور بے لوث خدمت کی اس سنہری روایت کو ہمارے کارکنان ہمیشہ زندہ رکھیں گے اور اسی جوش، خلوص اور عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو تعبیر دیں گے۔میری دعائیں، محبتیں اور نیک تمنائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔

مزید خبریں