عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ہماری جمہوری تاریخ کا روشن باب ہیں،راجہ پرویز اشرف

عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ہماری جمہوری تاریخ کا روشن باب ہیں،راجہ پرویز اشرف

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جیالوں کی قربانیاں ہماری سیاسی اور جمہوری تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنمائوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ18 اکتوبر2007 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک المناک دن ہے، جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر جمہوری قافلے کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی عوامی امنگوں، جمہوری عزم اور آمریت کے خلاف جدوجہد کی علامت تھی، جبکہ دہشت گردی کے ذریعے جمہوریت کی آواز دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی پی پی کی تاریخ جمہوریت کی بحالی، استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیوں اور مسلسل جدوجہد سے عبارت ہے۔ سانحہ کارساز کے شہدا کی لازوال قربانیاں پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے نظریات اور مشن پر چلتے ہوئے جمہوری اقدار، عوامی آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ قومی اتحاد، برداشت اور جمہوری استحکام کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔تینوں رہنمائوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کو یاد رکھنا محض ایک روایت نہیں بلکہ قومی اور جمہوری ذمہ داری ہے۔

جمہوریت کے حقیقی استحکام کے لیے آئین کی بالادستی، عوامی شمولیت اور جمہوری اقدار کا تحفظ ناگزیر ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید خبریں