رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی کا جی ڈی پی 473 ارب درہم تک پہنچ گیا
رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی کا جی ڈی پی 473 ارب درہم تک پہنچ گیا

مزید خبریں
دبئی ۔18اکتوبر (اے پی پی):رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی کا جی ڈی پی 473 ارب درہم تک پہنچ گیا۔ دبئی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے 2026 کی پہلی ششماہی کے لیے امارات کی مجموعی ملکی پیداوار (GDP) کے اعداد و شمار کے مطابق یہ نتائج مختلف اسٹریٹجک شعبوں اور سرگرمیوں میں مسلسل ترقی کی عکاسی کرتے ہیں، جن میں مالیاتی اور انشورنس کی سرگرمیاں، انسانی صحت اور سماجی بہبود، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن (معلومات اور مواصلات)، اور تعمیراتی شعبہ نمایاں ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ’’ڈیجیٹل دبئی‘‘ کے تحت ’’دبئی ڈیٹا اینڈ اسٹیٹسٹکس اسٹیبلشمنٹ‘‘کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق یہ نتائج دبئی کی معیشت کی لچک، اس کی پیداواری بنیاد کے تنوع، اور زیادہ قدر پیدا کرنے والے متعدد شعبوں میں جاری پیش رفت کو اجاگر کرتے ہیں۔متحدہ عرب امارات کاروبار، سرمایہ کاری اور باصلاحیت افراد کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
یہ کوششیں اس کے معاشی اہداف کی معاونت کرتی ہیں اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھلنے اور ان حالات کو مواقع میں تبدیل کرنے کی اس کی صلاحیت کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں دبئی کی معاشی کارکردگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی معاشی ماحول میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں، جس نے مختلف سرگرمیوں کو کم و بیش متاثر کیا۔ امارات کی معاشی بنیاد کے تنوع نے ان اثرات کو کسی حد تک کم کرنے میں مدد دی، جبکہ زیادہ قدر پیدا کرنے والے شعبوں میں مسلسل توسیع دیکھی گئی، جو معیشت میں تیزی سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں حقیقی جی ڈی پی (Real GDP) تقریباً 473 ارب درہم رہی، جبکہ 2025 کی اسی مدت میں یہ تقریباً 484 ارب درہم تھی، جو کہ 2.3 فیصد کی معمولی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ دوسری جانب، موجودہ قیمتوں پر جی ڈی پی تقریباً 505 ارب درہم رہی، جس میں 0.2 فیصد کی شرحِ نمو ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران متعدد اسٹریٹجک اور خدماتی شعبوں میں مثبت شرحِ نمو کا سلسلہ جاری رہا۔ سال 2026 کی پہلی ششماہی کے نتائج میں مالیاتی اور انشورنس کی سرگرمیوں میں مسلسل توسیع دیکھی گئی۔
ان سرگرمیوں میں 8.8 فیصد حقیقی نمو ریکارڈ کی گئی، اور ان کی ’’ایڈڈ ویلیو ‘‘ بڑھ کر تقریباً 65.9 ارب درہم ہو گئی، جبکہ 2025 کی اسی مدت میں یہ 60.6 ارب درہم تھی۔ مجموعی ملکی پیداوار میں ان کا حصہ 14 فیصد تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 12.5 فیصد تھا۔ موجودہ قیمتوں کے لحاظ سے اس شعبے میں 8.1 فیصد نمو ہوئی اور 64 ارب درہم کی ’’ایڈڈ ویلیو ‘‘ پیدا ہوئی، جو دبئی کی معیشت میں مالیاتی شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاس ہے۔انسانی صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں 14.3 فیصد حقیقی نمو ریکارڈ کی گئی۔ موجودہ قیمتوں کے حساب سے اس میں 16.7 فیصد اضافہ ہوا، اور ‘ویلیو ایڈڈ’ بڑھ کر تقریباً 6.2 ارب درہم (مستقل قیمتوں پر) ہو گئی، جبکہ 2025 کی اسی مدت میں یہ تقریباً 5.4 ارب درہم تھی۔
اسی طرح، بجلی، گیس، پانی کی فراہمی اور ویسٹ مینجمنٹ (فضلہ جات کے انتظام) کے شعبوں میں مستقل قیمتوں پر 5.4 فیصد نمو ہوئی، جس کے نتیجے میں حقیقی ’’ایڈڈ ویلیو ایڈڈ‘‘تقریباً 10.2 ارب درہم تک پہنچ گئی (جو پہلے تقریباً 9.7 ارب درہم تھی)۔ موجودہ قیمتوں پر، ان شعبوں کی ’’ایڈڈ ویلیو ‘‘ تقریباً 10.6 ارب درہم رہی، جو کہ 7.4 فیصد نمو کو ظاہر کرتی ہے۔انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کے شعبے میں بھی توسیع کا سلسلہ جاری رہا۔ اس میں مستقل قیمتوں پر 2.7 فیصد اور موجودہ قیمتوں پر 1.6 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔ مستقل قیمتوں پر ’’ایڈڈ ویلیو ایڈڈ‘‘ بڑھ کر تقریباً 24.7 ارب درہم ہو گئی، جبکہ 2025 کی اسی مدت میں یہ تقریباً 24 ارب درہم تھی۔ یہ اعداد و شمار ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی سے منسلک سرگرمیوں میں مسلسل ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔تعمیراتی شعبے میں 2.4 فیصد حقیقی نمو ریکارڈ کی گئی، اور مستقل قیمتوں پر اس کی ‘ویلیو ایڈڈ’ تقریباً 33.2 ارب درہم تک پہنچ گئی۔
موجودہ قیمتوں پر، اس شعبے کی ’’ایڈڈ ویلیو ایڈڈ‘‘تقریباً 35.3 ارب درہم رہی، جو کہ 8.6 فیصد نمو کی نمائندگی کرتی ہے۔دریں اثنا، سرکاری خدمات کے شعبے میں مستقل قیمتوں پر 2.9 فیصد اور موجودہ قیمتوں پر 5.7 فیصد نمو دیکھی گئی۔ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی مستقل قیمتوں پر 1.2 فیصد اور موجودہ قیمتوں پر 1.5 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم کے ڈائریکٹر جنرل، ہلال سعید المری نے کہا ہےکہ 2026 کی پہلی ششماہی میں دبئی کا جی ڈی پی کارکردگی، اس معیشت کی مضبوطی اور حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے جسے عالمی سطح پر پائی جانے والی شدید غیر یقینی صورتحال کے دوران بھی آگے بڑھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ مختلف اسٹریٹجک اور مستقبل پر مرکوز شعبوں میں مسلسل سالانہ نمو، دبئی کی معاشی بنیادوں کی مضبوطی اور گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، یہ ان شعبوں پر ہماری مسلسل توجہ کی افادیت کو بھی ثابت کرتی ہے جو ہماری طویل مدتی ترقی کی تشکیل کریں گے ۔








