این سی سی آئی اے لاہور زون کی کارروائیاں، نو ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے سائبر جرائم، آن لائن مالی فراڈ اور غیر قانونی ڈیجیٹل سرگرمیوں کے خلاف تین کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر نو ملزمان کو گرفتار کرکے ڈیجیٹل آلات، پیمنٹ کارڈز کے لین دین میں استعمال ہونے والی مشینیں اور جعلی دستاویزات کی نقول برآمد کر لیں۔

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے سائبر جرائم، آن لائن مالی فراڈ اور غیر قانونی ڈیجیٹل سرگرمیوں کے خلاف تین کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر نو ملزمان کو گرفتار کرکے ڈیجیٹل آلات، پیمنٹ کارڈز کے لین دین میں استعمال ہونے والی مشینیں اور جعلی دستاویزات کی نقول برآمد کر لیں۔این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے جعلی کینیڈین شناختی دستاویزات اور پاسپورٹ تصاویر تیار کرنے کے الزام میں تین لا اسٹوڈنٹس کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے چار موبائل فون، چار لیپ ٹاپ اور جعلی کینیڈین پاسپورٹس کی پرنٹ شدہ نقول برآمد ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان دستاویزات کے ذریعے کینیڈا میں بینک اکانٹس کھلوانے اور آن لائن مالی فراڈ میں سہولت کاری کا شبہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے سٹی لاہور میں پیمنٹ کارڈ فراڈ کے خلاف کارروائی کے دوران واجد علی جعفری اور امان علی کو گرفتار کرکے پانچ پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشینیں اور چار موبائل فون تحویل میں لیے گئے۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 243/2026 درج کر لی گئی ہے، جبکہ پی او ایس مشینیں فراہم کرنے کے الزام میں مطلوب ملزم نجف کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔عاطف امیر کے مطابق بحریہ ٹاون لاہور میں غیر قانونی آن لائن بیٹنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے ایک کمپیوٹر، ایک لیپ ٹاپ اور چھ موبائل فون برآمد ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان پر آن لائن بیٹنگ گیمز اور خصوصی آفرز کے ذریعے امریکی شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ نیٹ ورک کے مبینہ مالک زعیم کی تلاش جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کے ڈیجیٹل آلات سے حاصل شدہ مواد کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کا مقدمہ نمبر 250/2026 درج کیا گیا ہے، جس میں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ (پیکا) 2016 اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے لاہور زون غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب تک 12 غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے دوران 321 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں 22 خواتین بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم، آن لائن مالی فراڈ اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

مزید خبریں