پاکستان اور سری لنکا دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں،سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچنے کیلئے انگلش ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا،برینڈن میک کولم
پاکستان اور سری لنکا دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں،سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچنے کیلئے انگلش ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا،برینڈن میک کولم

مزید خبریں
راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں، ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کو بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا، برصغیر کی کنڈیشنز میں کھیلنا ایک چیلنج ہے اور ان حالات سے جلد ہم آہنگ ہونا کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ پاکستان واپس آکر خوشی ہوئی ہے، انگلینڈ کی ٹیم گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکی ہے اور یہاں ہمیشہ بہترین کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا، پاکستان کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں اور ماحول بھی شاندار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں اور ان کے خلاف سیریز میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم حالات کے مطابق خود کو ڈھالتے ہوئے عمدہ کارکردگی دکھانے اور فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ برینڈن میک کولم نے کہا کہ اپنے ملک سے باہر کامیابی حاصل کرنا کسی بھی فارمیٹ میں آسان نہیں تاہم انگلینڈ کی ٹیم ہر حریف کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے اور مختلف حالات میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کسی ایک مخصوص انداز میں کھیلنے کا پابند نہیں بلکہ ٹیم کی توجہ میدان میں موجود صورت حال کو سمجھنے، ضرورت کے مطابق حکمت عملی تبدیل کرنے اور بہترین کرکٹ کھیلنے پر ہو گی۔ انہوں نے پاکستان میں سازگار موسم اور مہمان نوازی کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ واضح رہے ٹرائی نیشن سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ (کل)منگل کو پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔








