انٹرنیشنل ٹرائی نیشن سیریزکا دوسرا مرحلہ25 سے31 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی نیشن سیریز کا دوسرا مرحلہ25 سے31 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے پہلے تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جا چکے ہیں، جبکہ باقی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25،27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے۔ سیریز کا فائنل31 اکتوبر کو شیڈول ہے

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی نیشن سیریز کا دوسرا مرحلہ25 سے31 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے پہلے تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جا چکے ہیں، جبکہ باقی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25،27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے۔ سیریز کا فائنل31 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور مرحلے کی کوریج کے لیے بورڈ سے منظور شدہ میڈیا نمائندگان کو تربیتی سیشنز، پریس کانفرنسز اور میچوں کے بعد میڈیا ٹاکس کے شیڈول سے آگاہ کر دیا ہے۔23 اکتوبر کو پاکستان ٹیم قذافی اسٹیڈیم میں سہ پہر ساڑھے تین بجے سے تربیتی سیشن کرے گی، جس سے قبل پاکستان کا ایک کھلاڑی یا سپورٹ اسٹاف کا رکن میڈیا سے مختصر گفتگو کرے گا۔24 اکتوبر کو سری لنکن ٹیم دوپہر ساڑھے بارہ بجے ایل سی سی اے گرائونڈ میں ٹریننگ کرے گی، جہاں میڈیا کو صرف ویڈیو اور تصاویر بنانے کی اجازت ہوگی۔ اسی روز پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں شام چار بجے سے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی یا سپورٹ اسٹاف کے ارکان قذافی اسٹیڈیم کے فار اینڈ پر واقع لیول ٹو میں پری میچ پریس کانفرنس کریں گے۔

25 اکتوبر کو سری لنکن ٹیم صبح ساڑھے گیارہ بجے ایل سی سی اے گرائونڈ میں ٹریننگ کرے گی، جہاں میڈیا کو صرف ویژول کوریج کی اجازت ہوگی۔ اسی روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹرائی سیریز کا چوتھا میچ دوپہر ایک بجے پاکستانی وقت کے مطابق شروع ہوگا۔ 26 اکتوبر کو انگلینڈ کی ٹیم صبح دس بجے سے ایل سی سی اے گرائونڈ میں ٹریننگ کرے گی، جہاں میڈیا کو صرف ویژول کوریج کی اجازت ہوگی۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شام چار بجے سے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، جبکہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کا ایک ایک نمائندہ میڈیا سے مختصر گفتگو کرے گا۔27 اکتوبر کو انگلینڈ کی ٹیم صبح ساڑھے گیارہ بجے ایل سی سی اے گرائونڈ میں ٹریننگ کرے گی، جہاں میڈیا کو صرف ویژول کوریج کی اجازت ہوگی۔ اسی روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پانچواں میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے نمائندے میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔28 اکتوبر کو پاکستان کی ٹیم صبح دس بجے ایل سی سی اے گرائونڈ میں ٹریننگ کرے گی، جبکہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شام چار بجے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔

دونوں مقامات پر میڈیا کو صرف ویژول کوریج کی اجازت ہوگی۔29 اکتوبر کو پاکستان کی ٹیم صبح ساڑھے گیارہ بجے ایل سی سی اے گرائونڈ میں ٹریننگ کرے گی، جہاں میڈیا کو صرف ویژول کوریج کی اجازت ہوگی۔ اسی روز انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی سیریز کا چھٹا میچ دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی یا سپورٹ اسٹاف کے رکن کی میڈیا کانفرنس متوقع ہے۔30 اور 31 اکتوبر کے تربیتی سیشنز اور میڈیا سرگرمیوں کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق شیڈول میں کسی بھی تبدیلی سے میڈیا نمائندگان کو معمول کے مواصلاتی ذرائع کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں