گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے وفاق کا تعاون ضروری ہے
خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کیلئے وفاق کا تعاون ضروری ہے: فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے وفاق کا تعاون ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت فیڈرل اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے کہا کہ فوج، ایف سی اور پولیس نے خیبرپختونخوا میں امن وامان کے قیام کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے تمام ادارے اگر ایک صفحے پر ہوں تو امن و ترقی کا عمل نہیں روکا جا سکتا، صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولتکاروں اور مالی معاونت کاروں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔گورنر کے پی کے کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں مسائل کے حل کیلئے قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کرنا ہمارا مقصد ہے، خیبر پختونخوا میں امن و استحکام کے لیے وفاق کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں ایسا ماحول چاہتے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ اور ترقی کے عمل کا حصہ سمجھے، تاہم خیبر پختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنانا ہے، عوامی تحفظ اور خوشحالی کیلئے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کا قیام اور عوام کا تحفظ ہماری مشترکہ ترجیح ہے اور پرامن آئینی اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے عوام امن، استحکام اور ترقی چاہتی ہے۔انہوں نے خیبرپختوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے تناظر میں اپنی عوام کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام، پولیس، پاک فوج، فرنٹیئر کور اور فیڈرل کانسٹیبلری نے اس سرزمین کے امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔گورنر کے پی کا ماننا تھا کہ ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید موثر بنائیں۔انہوں نے وفاقی حکومت اور تمام متعلقہ قومی اداروں کا شکریہ ادا کی جنہوں نے موثر منصوبہ بندی، مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون کے ذریعے اس عمل کو آگے بڑھایا۔خیبر پختونخوا کے امن و استحکام کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کو نہایت اہم قراردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی ترجیح کل بھی خیبر پختونخوا کی عوام تھی، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی ۔
انہوں نے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کو کے پی کے نئے حکومتی انتظام کی خصوصی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔ اب ان کا حق ہے کہ انہیں بہتر تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی مواقع میسر آئیں۔انہوں نے وفاقی حکومت کے تعاون سے ضم شدہ اضلاع کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔








