ترجمان محکمہ زرعی اطلاعات فیصل آباد کے مطابق حکومتِ پنجاب نے گندم کو کسانوں کے لیے زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے عملی اقدام کرتے ہوئے گندم کی فی من قیمت 4,500 روپے مقرر کر دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ’’سونا اُگلتا پنجاب‘‘کے وژن کا حصہ ہے
حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کر دی۔ ترجمان زرعی اطلاعات

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زرعی اطلاعات فیصل آباد کے مطابق حکومتِ پنجاب نے گندم کو کسانوں کے لیے زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے عملی اقدام کرتے ہوئے گندم کی فی من قیمت 4,500 روپے مقرر کر دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ’’سونا اُگلتا پنجاب‘‘کے وژن کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گندم زرعی خود کفالت کے لیے ناگزیر فصل ہے اور ملکی ضروریات کا 76 فیصد پنجاب پیدا کرتا ہے۔ اسی اہمیت کے پیشِ نظر حکومت نے کاشت کاروں کو بروقت قیمت کا تعین کر کے اطمینان فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت قیمت مقرر کرنے سے کسانوں کی حوصلہ افزائی اور حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کی معیشت میں بہتری آئے گی اور وافر پیداوار سے فوڈ سکیورٹی یقینی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار تنظیموں اور کاشتکاروں نے حکومت کے اس اقدام کو بہت سراہا ہے۔انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے تصدیق شدہ بیج استعمال کریں اور گندم کی کاشت بروقت ڈرل یا سپر سیڈر کے ذریعے کریں۔
ترجمان نے کہا کہ کسان مزید معلومات کے لیے محکمہ زراعت کی ویب سائٹ اور فیس بک پیج وزٹ کر سکتے ہیں۔ ایگری کلچرل ہیلپ لائن 080017000 روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک دستیاب ہے۔








