وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی اجلاس، گندم کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت

وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سے متعلق امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی نے عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بہتری کیلئے چار ہفتوں کی مہلت پر متعلقہ …

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سے متعلق امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی نے عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بہتری کیلئے چار ہفتوں کی مہلت پر متعلقہ پولیس افسرکوہٹانے کی وارننگ دی۔ انہوں نے پولیس کو تمام اضلاع بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت کی اور پولیس میں انسداد رشوت ستانی مہم اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلی پنجاب نے ٹریفک مینجمنٹ پرعدم اعتماد کا اظہار کیا اور اوور سپیڈنگ پر یقینی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس کو صوبہ بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور برآمدگی کا حکم دیا اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے صوبہ بھر میں پولیس پٹرولنگ کی ہدایت کی اور پولیس افسران کو تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے پاس خود پہنچنے کے ساتھ ساتھ تمام آرپی اوز کو ہر قسم کے جرائم پر ویکلی میٹنگ کا حکم دیا اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی پنجاب نے لاہور میں ڈولفن کو پٹرولنگ کیلئے بائیکس اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آرایم سی کو سراہا اور ڈیوٹی کے دوران جاں بحق پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہونے والے پولیس افسروں کے اہل خانہ کیلئے تاحیات تنخواہ اور پیکج دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں انہوں نے راولپنڈی ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اورملتان واقعہ سمیت ہر سنگین جرم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔

آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جسمیں بتایا کہ پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر41 فیصد کمی ہوئی۔ ڈیرہ غازی خان ریجن میں مجموعی طور پرجرائم میں16 فیصد، کوٹ ادو ضلع میں 27 فیصد سمیت دیگر اضلاع کمی ریکارڈ کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل پولیس اسٹیشن پراجیکٹ سے شہری مستفید ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 9702 سروسزکا اجرا کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا ،منشیات کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائی یقینی بنائی جائے۔ جرائم کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی اور نیٹ ورک توڑنے کیلئے بھرپوراقدامات کیے جائیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ہرجگہ پٹرولنگ نظر آنی چاہیے تاکہ جرائم پیشہ افراد میں قانون کا خوف پیدا ہو۔ ہجوم سے نمٹنے کیلئے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی مستقل کیپسٹی بلڈنگ جاری رکھی جائے۔