بلوچستان کے تاریخی ہنگلاج ماتا مندر میں ہندو برادری کی مذہبی تقریبات پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، تنوع کے احترام اور اقلیتوں کی حمایت کی نمایاں عکاسی کرتی ہیں
ہنگلاج ماتا مندر میں ہندوؤں کی مذہبی تقریبات، مذہبی ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس

مزید خبریں
کوئٹہ ۔22اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان کے تاریخی ہنگلاج ماتا مندر میں ہندو برادری کی مذہبی تقریبات پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، تنوع کے احترام اور اقلیتوں کی حمایت کی نمایاں عکاسی کرتی ہیں۔اپریل 2026 میں منعقدہ میلے میں تقریباً 3 لاکھ یاتریوں نے شرکت کی تھی، جنہیں ریاست کی جانب سے سکیورٹی اور امدادی سامان فراہم کیا گیا، جبکہ برادری کی سطح پر کھانے پینے کے انتظامات بھی کیے گئے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہزاروں عقیدت مند، جن میں سے بہت سے طویل فاصلے پیدل طے کرکے پہنچے، اکتوبر میں نوراتری اور درگا اشٹمی کی تقریبات میں شرکت کے لیے مندر پہنچے۔تقریبات کے دوران انتظامات کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی حکومت کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے جام کمال کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا اور بلوچستان کی پہلی ہندو خاتون اسسٹنٹ کمشنر کشش چوہدری کی انتظامات کی نگرانی کے لیے فوکل پرسن کی حیثیت سے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کی تعیناتی سرکاری خدمات میں اقلیتوں کی مؤثر نمائندگی کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ سہولت کاری عملی شمولیت کے ذریعے پاکستان کے مثبت عالمی تشخص کو مضبوط کرتی ہے اور ظاہر کرتی ہے کہ مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے مؤثر سکیورٹی، باوقار سہولت کاری اور مساوی سلوک کس قدر اہم ہیں۔پاکستان میں مذہبی عبادات کے لیے پُرامن ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کے برعکس، بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی صورت حال پر سنگین خدشات موجود ہیں۔ 1992 میں بابری مسجد کی شہادت کے علاوہ، سرکاری رپورٹس کے مطابق بھارت میں تین سال کے دوران مسلمانوں کے 861 مذہبی مقامات مسمار کیے گئے، جن میں 57 مساجد، 563 مزارات، 6 درگاہیں، 226 مدارس، 6 عیدگاہیں اور ایک قبرستان شامل ہیں۔ہنگلاج ماتا مندر میں ہندو یاتریوں کو تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان اقلیتی برادریوں کو مذہبی تنوع کے احترام کے ساتھ اپنے عقائد پر عمل کرنے اور اپنی مذہبی تقریبات محفوظ اور باوقار انداز میں منانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔







