گلوبل پینشن انڈیکس، سعودی عرب خلیج میں پہلے اور دنیا بھر میں 12ویں نمبر پر آگیا

سعودی عرب نے 2026 کے لئے مارش اور’’سی ایف اے‘‘انسٹی ٹیوٹ گلوبل پنشن انڈیکس (سابقہ مرسر) میں شامل 55 ریٹائرمنٹ سسٹمز میں خلیجی سطح پر پہلی اور عالمی سطح پر 12ویں رینکنگ حاصل کرلی ، اس کا مجموعی سکور 2025 میں 67.6 پوائنٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 73.2 پوائنٹس ہو گیا ہے۔

ریاض۔24اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب نے 2026 کے لئے مارش اور’’سی ایف اے‘‘انسٹی ٹیوٹ گلوبل پنشن انڈیکس (سابقہ مرسر) میں شامل 55 ریٹائرمنٹ سسٹمز میں خلیجی سطح پر پہلی اور عالمی سطح پر 12ویں رینکنگ حاصل کرلی ، اس کا مجموعی سکور 2025 میں 67.6 پوائنٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 73.2 پوائنٹس ہو گیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق یہ کامیابی انڈیکس میں سعودی عرب کی پیش رفت کا تسلسل ہے کیونکہ وہ 2022 میں 44 سسٹمز میں سے ستائیسویں نمبر سے نکل کر 2026 میں 55 سسٹمز کے درمیان12ویں نمبر پر آ گیا۔ اس عرصے کے دوران سکور کیے گئے سسٹمز کے دائرہ کار میں وسعت کے باوجود 15 درجے آگے بڑھا ہے۔

سعودی عرب نے انڈیکس کے تین بنیادی محوروں میں بہتری دکھائی۔ اس نے دیانت داری اور اعتبار کے محور میں 83.5 پوائنٹس حاصل کیے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.3 پوائنٹس کا اضافہ ہے ۔ اس طرح سعودی عرب نے اس محور میں ’’ اے ‘‘ کی درجہ بندی حاصل کرلی جو اس انڈیکس کا دیا جانے والا سب سے اعلیٰ درجہ ہے اور ریگولیٹری فریم ورک، گورننس، سبسکرائبرز کے حقوق کے تحفظ اور ان سے رابطے کی کوالٹی کو ناپتا ہے۔پائیداری کے محور میں سعودی عرب کا سکور 54.6 سے بڑھ کر 61.2 پوائنٹس ہو گیا جو 6.6 پوائنٹس کا اضافہ ہے۔ مراعات کے تناسب کے محور کا سکور 75 سے بہتر ہو کر 77.2 پوائنٹس ہو گیا اور اس نے 55 ریٹائرمنٹ سسٹمز پر مشتمل ایک بین الاقوامی تجزیے میں ’’ بی ‘‘ کیٹگری میں اپنا عمومی درجہ برقرار رکھا جس میں ریٹائرمنٹ اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں قائم شدہ تجربات رکھنے والے ممالک کے سسٹمز شامل ہیں۔

سعودی عرب نے اپنے مجموعی سکور میں ’’ بی‘‘ کیٹگری میں شامل متعدد ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا جن میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، بیلجیئم ، آئرلینڈ اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔ اس نے جائزہ لیے گئے خلیجی ممالک کے درمیان سب سے زیادہ سکور درج کیا جو ریٹائرمنٹ سسٹمز کے بین الاقوامی موازنے میں اس کے مقام کی ترقی کا اشاریہ ہے۔انڈیکس کے نتائج اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ سعودی عرب کی یہ پیش رفت بنیادی طور پر دیانت داری اور اعتبار، ریگولیٹری فریم ورک اور گورننس کو فروغ دینے، ڈیٹا کی جدید کاری اور اس کے ساتھ ساتھ سبسکرائبرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ رابطے سے متعلق متعدد اشاریوں میں تجزیے کی بہتری کا نتیجہ ہے۔

یہ نتائج ریٹائرمنٹ سسٹمز کی بین الاقوامی درجہ بندی میں سعودی عرب کے ترقی یافتہ مقام کا مظہر ہیں اور ریٹائرمنٹ اور انشورنس پروٹیکشن کے نظام کی ترقی کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لئے ایک محرک فراہم کرتے ہیں، اس میں جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس اپنا حصہ ڈالتی ہے تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے مراعات کے تناسب اور مالیاتی پائیداری کو فروغ دیا جا سکے۔مارش اور سی ایف اے انسٹی ٹیوٹ کا گلوبل ریٹائرمنٹ انڈیکس ریٹائرمنٹ کے سسٹمز کے جائزے اور موازنے میں ایک خود مختار بین الاقوامی مرجع سمجھا جاتا ہے اور اس کا اٹھارواں ایڈیشن اکتوبر 2026 میں موناش سینٹر فار فائنینشل سٹڈیز کے تعاون سے شائع ہوا ۔ یہ انڈیکس تین بنیادی محوروں میں تقسیم شدہ 50 سے زیادہ ذیلی اشاریوں پر مبنی ہے جو ریٹائرمنٹ کی مراعات کا تناسب، پائیداری اور دیانت داری اور اعتبار ہیں۔ یہ دنیا کی تقریباً 66 فیصد آبادی کا احاطہ کرتا ہے۔

 

مزید خبریں