ستائیس اکتوبر کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے ۔ انہوں نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن بھارتی افواج نے کشمیر میں داخل ہو کر غیر قانونی قبضے کی بنیاد رکھی۔ پاکستان کے عوام بالخصوص بلوچستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت …

کوئٹہ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے ۔ انہوں نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن بھارتی افواج نے کشمیر میں داخل ہو کر غیر قانونی قبضے کی بنیاد رکھی۔ پاکستان کے عوام بالخصوص بلوچستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے۔

اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، معصوم شہریوں کے قتل اور خواتین پر مظالم نہایت تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بڑی تعداد میں موجودگی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ کشمیری عوام آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کی آزادی کی خواہش اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل ہوگا اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ممکن بنایا جائے گا۔

مزید خبریں