پشاور موڑ اتوار بازار کی بندش عارضی ہے، جلد بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پشاور موڑ پر اتوار بازار کی بندش عارضی ہے اور اسے جلد دوبارہ کھولنے کے لیے کوششیں جاری ہیں

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پشاور موڑ پر اتوار بازار کی بندش عارضی ہے اور اسے جلد دوبارہ کھولنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔منگل کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتوار بازار قائم کرنے کا مقصد کاشتکاروں کو اپنی زرعی پیداوار براہِ راست صارفین تک مناسب قیمتوں پر پہنچانے کا موقع فراہم کرنا تھا تاکہ درمیانی کردار ادا کرنے والے افراد کو ختم کرکے عوام کو سستی اشیائے ضروریہ میسر آسکیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پہلا بازار 1983-84ء میں آبپارہ میں جمعہ بازار کے نام سے قائم کیا گیا تھا، جس کا دائرہ بعد ازاں بڑھا کر ہفتے میں تین دن کردیا گیا۔ اس کے بعد جی نائن اور ایچ نائن میں بھی بازار قائم کیے گئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان بازاروں سے نہ صرف صارفین کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مدد ملی بلکہ اپنے سامان کی فروخت کے ذریعے مختلف خاندانوں کو آمدن اور روزگار کے مواقع بھی میسر آئے۔انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے اتوار بازار کی بندش کی وجوہات پر بات کریں گے اور اس کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش کریں گے۔