سپیکر قومی اسمبلی سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات ، تعیناتی پر مبارکباد دی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد دی

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب کی مانند ہیں،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہب، اخوت، محبت اور اعتماد کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو مسترد کرتا ہے اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت ہے،مکہ معاہدہ علاقائی امن و استحکام کے لئے مکالمے اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کے خیر سگالی کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات خطے میں امن و استحکام کی علامت ہیں، مکہ معاہدہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لئے اہم پیشرفت ہے، پاکستان کا خطے میں امن کے قیام کے لئے کردار قابلِ ستائش ہے۔

 

مزید خبریں