پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ،جنگ کے اثرات خطے کی معیشت، تجارت اور عوامی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں ، قیصر احمد شیخ

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جنگ کے اثرات خطے کی معیشت، تجارت اور عوامی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں اس لیے تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے

چنیوٹ۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جنگ کے اثرات خطے کی معیشت، تجارت اور عوامی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں اس لیے تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔چنیوٹ کے علاقے کھوکھراں والا میں میڈیکل کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پہلے ہی مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، افغانستان اور بھارت کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کے بعد خطے میں مزید کشیدگی ملکی معیشت پر اضافی دبائو ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ تجارتی راستوں کی بحالی پاکستان کے لیے اہم ہے کیونکہ اس سے تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کا تحفظ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان اس حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس کے کیسز کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کیسز کی تصدیق کے لیے دوبارہ ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی عدم دستیابی سمیت مختلف عوامل بیماریوں کے پھیلائو کا سبب بن سکتے ہیں اس لیے صورت حال کا درست جائزہ لینا اور اس کے مستقل حل کے لیے موثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اور حکومت کو صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری علاج، ادویات اور ماہر ڈاکٹروں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں، ضرورت پڑنے پر طبی سہولیات میں اضافہ اور مزید میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے جانے چاہئیں تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت میسر آ سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کی صحت اور تعلیم پر سرمایہ کاری پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے، پسماندہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولیات بہتر بنانے اور بیماریوں کی بروقت تشخیص و علاج کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں اور معاشرے کو صحت مند، تعلیم یافتہ اور خوشحال مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکے