چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں بالخصوص نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے
نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں بالخصوص نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم یوتھ کروم بک پروگرام کے تحت ملک بھر کے طلبہ کو تقریباً ڈھائی لاکھ کروم بکس فراہم کیے جائیں گے تاکہ ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی (ایس بی بی ڈبلیو یو) پشاور کے مشترکہ زیر اہتمام ’’دخترانِ پاکستان کی سماجی و معاشی خودمختاری‘‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کروم بک پروگرام دو ہفتوں کے اندر شروع کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد صوبے کے باصلاحیت طلبہ میں کروم بکس تقسیم کریں گے۔ رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو سیاسی وابستگی یا ذاتی سفارش کے بجائے میرٹ، صلاحیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر کے نوجوانوں خصوصاً باصلاحیت نوجوان خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کیونکہ انہیں صرف مناسب مواقع اور ادارہ جاتی معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے،انہیں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت خواتین کی کم از کم 35 فیصد شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے ذریعے بھی خواتین کو سہولت فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو رسمی تعلیم کے ساتھ تکنیکی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر پر مبنی شعبوں میں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو معروف سٹارٹ اپس اور تعلیمی مراکز سے منسلک کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے تاکہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں اور روزگار و کاروبار کے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے دستیاب مواقع میں موجود خلا کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبے صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر شروع کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کو مکمل طور پر میرٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا سیاسی وابستگی سے کوئی تعلق نہیں اور خیبر پختونخوا کے مستحق طلبہ بھی اس پروگرام سے مستفید ہوئے ہیں۔ رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، انہیں صرف مواقع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ لڑکیاں اکثر ان سے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی درخواست کرتی رہی ہیں اور نوجوان خواتین کے لیے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنا انتہائی اہم ہے۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں معیاری تعلیمی اداروں اور سازگار تعلیمی ماحول تک رسائی حاصل ہونا ان کے لیے خوش قسمتی ہے۔ رانا مشہود نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم یوتھ ڈیجیٹل ہب سے منسلک ہوں تاکہ میرٹ کی بنیاد پر ہنرمندی اور روزگار کے مواقع سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر کے بچوں کو وظائف فراہم کرنے کےلیے پاکستان ایجوکیشن فنڈ بھی قائم کیا ہے جبکہ بہتر انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور طلبہ کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے فروغ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی انہی لوگوں کا مقدر بنتی ہے جو اخلاص اور نظم و ضبط کے ساتھ محنت کرتے ہیں، خود پر یقین رکھیں کیونکہ خود اعتمادی ترقی اور کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ واضح اہداف مقرر کریں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لڑکیاں دنیا کے کسی بھی ملک کی لڑکیوں سے کم باصلاحیت نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ لڑکیاں معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ اثاثہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ہنر حاصل کریں اور حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے وسائل اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ رانا مشہود نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صوبائی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر سوچیں کیونکہ تمام پاکستانی ایک مشترکہ قومی شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم بیرون ملک سفر کرتے ہیں تو ہماری شناخت پاکستان ہوتی ہے،وہاں کوئی صوبہ یا نسلی گروہ ہماری شناخت نہیں بنتا،پاکستان ہمارا ملک اور ہماری عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے معرکہ حق کے دوران اپنی طاقت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالمی امور میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عالمی برادری میں بھی نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے تمام پاکستانیوں کو مل کر بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی اور رانا مشہود نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران نے یونیورسٹی آمد پر معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔








