راولپنڈی میں یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے تقریبات، طلبہ کے ٹیبلو، تقریری مقابلے اور یکجہتی واک کا انعقاد

پنجاب کونسل آف دی آرٹس، راولپنڈی کے زیرِ اہتمام آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما ) کے اشتراک سے یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی فیضان احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیضان احمد نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہد

راولپنڈی۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس، راولپنڈی کے زیرِ اہتمام آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما ) کے اشتراک سے یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی فیضان احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیضان احمد نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی اہمیت اور کشمیری عوام کے جائز حقوق سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر سینئر لیڈر آل پارٹیز حریت کانفرنس شمیم شال، پریزیڈنٹ ایپسما محمد ابرار اور ڈویژنل پریزیڈنٹ ایپسما عامر نوازنے خصوصی شرکت کی۔تقریبات میں طلبہ نے ٹیبلو پیش کیے جن میں کشمیری عوام کی مشکلات، قربانیوں اور جدوجہد کو اجاگر کیا گیا جبکہ تقریری مقابلے میں شرکاء نے مسئلہ کشمیر اور حقِ خودارادیت کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طلبہ نے کشمیری نغمے بھی پیش کیے جن کے ذریعے کشمیر کی ثقافت اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام اجاگر کیا گیا۔ شہدائے کشمیر کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کی جدوجہد سے متعلق تصاویر پیش کی گئیں تاکہ شرکاء کو مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جا سکے۔پروگرام کے دوران یکجہتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے پیغامات پیش کیے۔ طلبہ، تعلیمی اداروں کے نمائندگان، میڈیا، سول سوسائٹی اور دیگر شرکاء نے تقریبات میں حصہ لیتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر محمد شکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر ہمیں کشمیری عوام کی جاری جدوجہد اور ان کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور نئی نسل میں شعور بیدار کرنے کے لیے تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے پروگرام میں سی ای او ایجوکیشن گورنمنٹ سکولوں کے طلبہ اور تعلیمی اداروں کی شرکت کو سراہا اور تقریبات کے انعقاد میں تعاون پر ایپسما کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں