بلاول بھٹو زرداری کا لیاری میں تاریخی اسپینسر آئی ہسپتال کی بحالی اورمفت علاج معالجے کی سہولیات کا افتتاح

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیاری میں واقع تاریخی اسپینسر آئی ہسپتال کی بحالی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولیات کا افتتاح کردیا۔

کراچی ۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیاری میں واقع تاریخی اسپینسر آئی ہسپتال کی بحالی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولیات کا افتتاح کردیا۔ یہ اقدام بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کے عزم اور شہر میں صحتِ عامہ کی سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، ہسپتال کی بحالی سے لیاری سمیت کراچی بھر کے شہری آنکھوں کے امراض کے علاج کی مفت سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹوزرداری نے لیاری ٹائون میں ڈاکٹر کیخسرو نانابھائے اسپینسرز آئی ہسپتال کا دورہ کیا اور اس تاریخی ہسپتال کی بحالی اور علاجہ معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، بلدیاتی نمائندگان، پارٹی عہدیداران، سماجی شخصیات اور ہسپتال انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ قیام پاکستان سے پہلے پارسی ماہر امراض چشم ڈاکٹر کے این اسپینسر کے قائم کردہ اس ہسپتال کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر مرتضی وہاب نے بحال کرکے 6 اپریل 2026ء کو دوبارہ فعال کیا جہاں اب روزانہ تقریباً 4 ہزار مریضوں کو آنکھوں کے مفت معائنے اور علاج کی او پی ڈی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

ہسپتال کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہسپتال کی بحالی اور جدید سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور موجودہ انتظامیہ کے تحت کراچی بلدیہ عظمیٰ کے ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے شہریوں کو امراض چشم کے مفت علاج کے لئے کراچی کے اس قدیم ہسپتال میں دستیاب سہولیات سے مستفید ہونے کا مشورہ بھی دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اور سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست پھلانے کے بجائے عوام کے مسائل کے تدارک کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری عروج پر ہیں، عوام کو معاشی طور پہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مشکل حالات میں سندھ حکومت اور کے ایم سی کی کوشش ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کو جتنا ہو سکے کم کرنے کےلیئے اقدام کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت ایک ایسا شعبہ ہے جس سے ہر شہری کا واسطہ پڑتا ہے اور بعض اوقات مہنگا علاج ہونے کی وجہ سے غریب شہریوں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے ہمیشہ ایسے اقدامات کی کوشش کی ہے کہ غربت یا پیسے کی عدم دستیابی کسی بھی شہری کے علاج معالجہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر لیاری اور کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ اور مہنگے بلز ایک سنگین مسئلہ ہے۔ خاص طور پر کراچی میں یہ ایک شدید مسئلہ ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میئر صاحب نے یہ بتایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اس ہاسپٹل کو سولارائز کیا گیا تو میں سوچ رہا تھا کہ کاش ہم پورے لیاری کو کم از کم سولارائز کر سکتے تاکہ یہاں کے عوام کو صحیح قیمت پر یا کم قیمت پر بجلی فراہم ہو سکے، اس قسم کے منصوبے تو جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ بینیفیشریز کو سولر انرجی کی سہولت فراہم کرے تاکہ انہیں بجلی کے مہنگے بلز یا لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مجوزہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس پر پاکستان پیپلز پارٹی کا واضح موقف بار بار سامنے آچکا ہے جبکہ صوبہ سندھ کا موقف بھی ساتویں آٹھویں بار صوبائی اسمبلی کے فورم سے ظاہر کیا گیا ہے،میں سمجھتا ہوں کہ اب اس ٹاپک کو ہی کلوز کریں، اس لیے کہ عوام نے خود اس ٹاپک کو کلوز کر دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت سمیت ہم سب کو کراچی پر توجہ دینی چاہیے، کراچی اس ملک کا معاشی حب ہے ،اگر مل کے کام کریں تو تو عوام کی خدمت کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کام کرنے کے بجائے یہاں کے عوام میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیتے ہیں اور انہوں نے کراچی کے لئے ایک ٹکے کا کام نہیں کیا۔دریں اثناء چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسپنسر آئی ہسپتال کے افتتاح کے بعد مریضوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

 

مزید خبریں