یومِ سیاہ کشمیر پر لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں دستخطی مہم

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہورکے زیرِ اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں دستخطی مہم چلائی گئی

لاہور ۔27اکتوبر (اے پی پی):یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہورکے زیرِ اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں دستخطی مہم چلائی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے کا مقصد 27 اکتوبر 1947ءکو ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی فوج کے حملے اور قبضے کے خلاف کشمیری عوام کے موقف کو اجاگر کرنا، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا اور نئی نسل میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں مطالبہ کیاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ دستخطی مہم کے ذریعے عوامی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور حقِ خودارادیت کے مطالبے کو نمایاں کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور کشمیری عوام کی آواز موثر انداز میں بلند کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی، قانونی اور ابلاغی سطح پر کوششیں جاری رہنی چاہئے۔ کشمیر سنٹر لاہور کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قومی شعور کی بیداری اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین، انجینئرمشتاق محمو د، امتیازوانی، مسلم لیگ ن کے رہنما سید نصیب اللہ گردیزی، سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرفرازنہ نذیر، سابق ایم پی اے فرزانہ بٹ،انچارج سنٹرانعام الحسن کاشمیری

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما غلام عباس میر،سابق ایس ایس پی چوہدری عطاء، صدر مسلم لیگ ن لاہور آزادکشمیر راجہ شہزاد احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر حلقہ پاکستان عبدالعزیز شگری، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، پروفیسر اسماءحسن، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ فاروق جرال، چوہدری صدیق، مقصود چغتائی، علامہ مشتاق قادری، علامہ فداءالرحمان حیدری، نذربھنڈر، قاضی انوار، متین کاشمیری ، فیصل فابانی اور دیگر نے خطاب کیا۔

مزید خبریں