یونیورسٹیوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے ساتھ معاشرتی خدمت اور علم کی تخلیق پر بھی توجہ دینی چاہئے ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات

وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی مقصد سچائی کی تلاش، نئے علم کی تخلیق اور معاشرے کی خدمت ہے، اس لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مارکیٹ کی ضروریات اور معاشرتی تقاضوں کے درمیان توازن قائم کرنا چاہیے

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی مقصد سچائی کی تلاش، نئے علم کی تخلیق اور معاشرے کی خدمت ہے، اس لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مارکیٹ کی ضروریات اور معاشرتی تقاضوں کے درمیان توازن قائم کرنا چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار الحمٰد یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے مشترکہ اہتمام سے اعلیٰ تعلیم کے موضوع پر منعقدہ پانچویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے خطاب کا موضوع ’’یونیورسٹی کی اصل روح کی بحالی‘‘ تھا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے اپنے خطاب میں نیولبرل یونیورسٹی ماڈل کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس ماڈل کے تحت جامعات اپنے بنیادی تصور سے دور ہو گئی ہیں، جس کے مطابق ان کا مقصد سچائی کی جستجو، علم کی پیداوار اور کمیونٹی سمیت پورے معاشرے کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو تسلیم کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ جامعات کو ایسی متوازن حکمت عملی اپنانی چاہیے جو مارکیٹ اور روزگار کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریوں، علم کی تخلیق اور عوامی خدمت کے بنیادی مقاصد کو بھی برقرار رکھے۔

مزید خبریں