ہری پور، ہری پور شہر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری، ضلعی انتظامیہ و ٹی ایم اے ہری پور کی جانب سے آپریشن کیا جا رہا ہے

صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ہری پور میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے ہری پور کا مشترکہ گرینڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے

ہری پور۔ 02 نومبر (اے پی پی):صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ہری پور میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے ہری پور کا مشترکہ گرینڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ عوامی سہولت کی فراہمی، سڑکوں کو کشادہ بنانے، شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مین بازار سمیت مختلف مقامات پر ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ یہ آپریشن ڈپٹی کمشنر ہری پور اور اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کی زیرِ نگرانی جاری ہے، جبکہ ٹی ایم او ہری پور گل نائب خان خٹک اپنے متعلقہ عملے اور فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ موقع پر موجود رہ کر کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

آپریشن کے دوران غیر قانونی پختہ و عارضی تجاوزات، شیڈز اور عوامی گزرگاہوں میں رکاوٹ بننے والے سامان کو ہٹایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو، ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور پیدل چلنے والوں کو بھی محفوظ اور کشادہ راستے میسر آئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے حکام نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے اور عوامی راستوں کی بحالی تک بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوامی حلقوں نے شہر کی بہتری اور عوامی مفاد میں کیے جانے والے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے اور متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ ہری پور کو تجاوزات سے پاک، خوبصورت اور ایک منظم شہر بنایا جا سکے۔