سرگودھا پولیس میں محکمانہ احتساب کا عمل جاری ، تین ماہ کے دوران متعدد افسران و اہلکاروں کو سزائیں

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا توقیر محمد نعیم کی جانب سے محکمانہ احتساب کا عمل تیز کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ کے دوران غفلت، لاپرواہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر متعدد پولیس افسران و ملازمان کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں

سرگودھا ۔ 02 نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا توقیر محمد نعیم کی جانب سے محکمانہ احتساب کا عمل تیز کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ کے دوران غفلت، لاپرواہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر متعدد پولیس افسران و ملازمان کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ پیر کو ترجمان سرگودھا پولیس کے مطابق اس عرصہ کے دوران 14 پولیس افسران و ملازمین کو سخت محکمانہ سزائیں دی گئیں جن میں 8 ملازمین کی ملازمت سے برخاستگی، ایک سب انسپکٹر کی عہدے میں تنزلی جبکہ 6 پولیس ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کی سزائیں شامل ہیں۔

اسی طرح 120 پولیس ملازمین کو سنشور، جرمانے، سروس ضبطی اور دیگر محکمانہ سزائیں دی گئیں جبکہ 34 ملازمین کو وارننگ جاری کی گئی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ غفلت، لاپرواہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر بلاامتیاز محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام پولیس ملازمین عوام کے خادم ہیں اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔