گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایڈورڈز کالج پشاور کی بہتری اور انتظامی و تعلیمی امور سے متعلق اجلاس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایڈورڈز کالج پشاور کی بہتری اور انتظامی و تعلیمی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں مشیر تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، کالج کے پرنسپل اور متعلقہ حکام نے شرکت کی

پشاور۔ 02 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایڈورڈز کالج پشاور کی بہتری اور انتظامی و تعلیمی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں مشیر تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، کالج کے پرنسپل اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں گورنر کو ایڈورڈز کالج کے انتظامی امور، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل نظام، ای لرننگ، تعلیمی کارکردگی اور طلبہ کی کامیابیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جبکہ کالج کے مالیاتی انتظام، انتظامی اصلاحات، احتساب، غیر نصابی سرگرمیوں اور ٹیکس سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ایڈورڈز کالج کی بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کالج کی موجودہ کارکردگی اور انتظامی معاملات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور انتظامی و تعلیمی امور کی بہتری کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

گورنر نے کہا کہ مشیر تعلیم کو ایڈورڈز کالج کے تمام معاملات بہتر بنانے کا ٹاسک دے رہا ہوں، اس سلسلے میں پیش رفت تیز کی جائے اور کالج کے لیے مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کالج کی زیر التوا کمیٹیوں میں اراکین کی کمی فوری طور پر پوری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کالج کے انتظامی اور مالیاتی امور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے، کالج کے فنڈز خیبر بینک میں منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے اور ٹیکس سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بعض شعبہ جات میں طلبہ کے کم داخلوں اور کمپیوٹر لیب کی بہتری کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے، جبکہ ایڈورڈز کالج کو ڈگری جاری کرنے والا ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج کے مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کی بحالی کے لیے تمام معاملات فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھائے جائیں۔ ایڈورڈز کالج کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کرکے ترقیاتی کام جلد شروع کیے جائیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایڈورڈز کالج کو اس کی سابقہ تعلیمی عظمت اور وقار کی بحالی کی جانب لے جانا ہوگا۔ اجلاس کے شرکاء نے کالج کی ترقی، تعلیمی معیار اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔