ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کا شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے جاری منصوبوں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان بیرسٹر بلال سلیم نے شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے صدر بازار اور گولائی کمیٹی کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا

ڈیرہ غازی خان ۔ 02 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان بیرسٹر بلال سلیم نے شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے صدر بازار اور گولائی کمیٹی کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد اسد چانڈیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

افسران نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کے مختلف مراحل، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور تزئین و آرائش کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر بیرسٹر بلال سلیم نے ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی کے تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور معیاری شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔