ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ذیشان چیمہ نے کہا ہے کہ آنکھوں کی صحت کا تحفظ اور بروقت معائنہ بینائی کے امراض سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہ
آنکھوں کی صحت کا تحفظ اور بروقت معائنہ بینائی کے امراض سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ذیشان چیمہ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 02 نومبر (اے پی پی):ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ذیشان چیمہ نے کہا ہے کہ آنکھوں کی صحت کا تحفظ اور بروقت معائنہ بینائی کے امراض سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آنکھوں کی صحت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہیں جن کی حفاظت ہر فرد کی بنیادی ذمہ داری ہے، آنکھوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے باقاعدگی سے معائنہ کروانا، متوازن غذا کا استعمال، صفائی کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے، بینائی میں معمولی کمزوری یا آنکھوں میں کسی قسم کی تکلیف نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند ماہر امراض چشم سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کے ذریعے بینائی متاثر ہونے سے بچائی جا سکے۔
پروفیسر ڈاکٹر ذیشان چیمہ نے مزید کہا کہ بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص خصوصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ابتدائی عمر میں نظر آنے والی کمزوری کا بروقت علاج مستقبل میں بینائی کے مسائل سے محفوظ رکھ سکتا ہے، جدید دور میں موبائل فون، کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا غیر ضروری استعمال بھی آنکھوں پر دباؤ کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے اسکرین کے استعمال میں وقفہ کرنا، مناسب روشنی میں مطالعہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ آنکھوں کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کریں۔







