سری لنکا کے ماہرینِ تعلیم، بدھ مت کے راہبوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر مشتمل 20 رکنی وفد کا دورہ دفتر خارجہ ،تعاون کے ممکنہ شعبوں بارے تبادلہ خیال کیا

سری لنکا کے 20 رکنی وفد نے جس میں ماہرینِ تعلیم، بدھ مت کے راہب، مذہبی رہنما اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے شامل تھے، منگل کو یہاں دفتر خارجہ کا دورہ کیا۔ جاری بیان کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان اور ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک کمیونیکیشنز طارق وزیر نے وفد کو پاکستان کے عظیم ثقافتی اور مذہبی ورثے بالخصوص گندھارا تہذیب کے بدھ مت سے متعلق تاریخی ورثے، …

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):سری لنکا کے 20 رکنی وفد نے جس میں ماہرینِ تعلیم، بدھ مت کے راہب، مذہبی رہنما اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے شامل تھے، منگل کو یہاں دفتر خارجہ کا دورہ کیا۔ جاری بیان کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان اور ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک کمیونیکیشنز طارق وزیر نے وفد کو پاکستان کے عظیم ثقافتی اور مذہبی ورثے بالخصوص گندھارا تہذیب کے بدھ مت سے متعلق تاریخی ورثے، مذہبی سیاحت کے مواقع اور کرتارپور راہداری جیسے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

سجاد حیدر خان نے پاکستان اور سری لنکا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا اور مہمانوں کو پاکستان آمد پر گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر بات چیت میں تعاون کے متعدد ممکنہ شعبوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا جن میں تعلیمی شراکت داری، رابطوں میں بہتری، مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، مشترکہ آثارِ قدیمہ کی تحقیقات اور ثقافتی تبادلے شامل تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے گندھارا بدھ مت کے گہوارے کی حکمتِ عملی کے عمران شوکت اور پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہا، دونوں شخصیات نے اجلاس میں شرکت کی۔ بیان کے مطابق اس دورے سے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی و تہذیبی ورثے کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت ملی۔

مزید خبریں