سپیکر قومی اسمبلی کی ضلع مہمند میں انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت
سپیکر قومی اسمبلی کی ضلع مہمند میں انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع مہمند میں انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیس اہلکاروں کے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے انسداد پولیو مہم کے تحفظ کے لیے تعینات پولیس اہلکاروں کی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ معصوم بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے جاری قومی مہم میں مصروف اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر جاری کوششوں میں پولیس اہلکاروں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔







