ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں، فیلڈ مانیٹرنگ مؤثر بنائی جائے،ایم ڈی ستھرا پنجاب

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری محمد اکمل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات ہر شہری تک پہنچانے اور صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری لانے کے لیے تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ سٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کریں

سرگودھا۔ 04 نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری محمد اکمل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات ہر شہری تک پہنچانے اور صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری لانے کے لیے تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ سٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کریں۔صفائی کے انتظامات کی مؤثر نگرانی، فیلڈ میں عملے کی حاضری، مشینری کے استعمال اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر ستھرا پنجاب ایجنسی کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران (ایف ایم اوز)کے لیے منعقدہ اورینٹیشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے خصوصی طور پرشرکت کی۔اے ڈی سی ایم ایس نے ایف ایم اوز پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں صفائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں، کارکردگی میں خامیوں کی نشاندہی کریں اور ان کے فوری تدارک کے لیے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔بعدازاں ستھرا پنجاب ایجنسی کے کنٹرول روم میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے خصوصی بریفنگ اور سوال و جواب کے سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں چوہدری محمد اکمل نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے طریقہ کار، آپریشنل امور، فیلڈ مانیٹرنگ اور کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف امور پر سوالات بھی کیے جن کے جوابات دیے گئے اور پروگرام پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں