وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان کے وژن ’’کھیلتے سکول‘‘ کے تحت سرگودھا میں سالانہ ضلعی سپورٹس مقابلوں 2026 کا آغاز ہوگیا
سرگودھا میں سالانہ ضلعی سپورٹس مقابلہ جات کا آغاز

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 04 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان کے وژن ’’کھیلتے سکول‘‘ کے تحت سرگودھا میں سالانہ ضلعی سپورٹس مقابلوں 2026 کا آغاز ہوگیا۔ مقابلوں کا انعقاد پنجاب ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی سیکنڈری ونگ، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
سالانہ سپورٹس مقابلہ جات کی افتتاحی تقریب میں رانا سجاد احمد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سرگودھا ،محمد اعجاز خان چیئرمین ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی، ملک محمد اشفاق ممبر ،ممتاز احمد میکن ممبر ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی،محمد عامر جٹ فوکل پرسن سپورٹس ڈسٹرکٹ سرگودھا، امجد علی چیف آرگنائزر ڈسٹرکٹ سپورٹس ٹورنامنٹ، رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ،ساجد اللہ بابر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، سینئر سٹاف ایسوسی ایشن سرگودھا کے صدر عمران لطیف، پنجاب فزیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ناصر علی لک، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز اورطلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سرگودھا سپورٹس جمنیزیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری رانا سجاد احمد نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کا مقصد طلبہ میں جوش و جذبہ پیدا کرنے، ذہنی و جسمانی نشوونما اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیت اور ہار سے بڑھ کر مقابلوں میں شرکت اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہی طلبہ مستقبل میں ضلعی، صوبائی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ ضلعی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب فزیکل ایجوکیشن ٹیچر ایسوسی ایشن سرگودھا کے تعاون سے منعقدہ سالانہ سپورٹس مقابلہ جات میں فٹ بال، کرکٹ، سوئمنگ، شطرنج، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس سمیت مختلف کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایات کے مطابق کھیلوں کے مواقع بڑھانے کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں جسمانی صحت، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔








