لیسکو میں ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد،لیسکو چیف کی شرکت

لیسکو میں گذشتہ ماہ کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):لیسکو میں گذشتہ ماہ کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی ایڈمن ہما چیمہ،مینجر کارپوریٹ محمد جاوید،ڈپٹی مینجر اسما امین اور ترجمان لیسکو رابعہ قادر بھی موجود تھیں۔

بدھ کو ترجمان کے مطابق تقریب کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ریٹائر ہونے والے 26 ملازمین میں پنشن پیپرز اور واجبات کے چیک تقسیم کئے اور ادارے کے لیے ان کی طویل خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی محنت اور کاوشیں ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

ریٹائرمنٹ کے بعد بھی لیسکو سے انکا تعلق اور ادارے میں ان کا احترام ہمیشہ برقرار رہے گا۔لیسکو چیف نے کہا کہ لیسکو میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد گزشتہ20 سال سے جاری ایک قابلِ قدر روایت ہے۔یہ تقریب لیسکو کی 255 ویں پنشن تقریب ہے،جو ادارے کی جانب سے اپنے ملازمین کی خدمات کے اعتراف اور قدر شناسی کا مظہر ہے۔انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے صحت مند، خوشگوار اور پرسکون زندگی کی دعا بھی کی۔