فیصل آبادمیٹرو بس پراجیکٹ روٹس کی زد میں آنے والے670 پرانے درخت تین مقامات پر ٹرانسپلانٹ ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 125 درخت بھی تیزی سے ٹرانسپلانٹ کرانے کا عمل جاری ہے۔کلیم شہید پارک میں اب تک 367،باغ جناح میں 166 اور دھوبی گھاٹ گراؤنڈ(اقبال پارک) میں 137 درخت ٹرانسپلانٹ کئے گئے ہیں
فیصل آباد میٹرو بس پراجیکٹ روٹس کی زد میں آنے والے670 پرانے درختوں کی ٹرانسپلانٹ مکمل

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):فیصل آبادمیٹرو بس پراجیکٹ روٹس کی زد میں آنے والے670 پرانے درخت تین مقامات پر ٹرانسپلانٹ ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 125 درخت بھی تیزی سے ٹرانسپلانٹ کرانے کا عمل جاری ہے۔کلیم شہید پارک میں اب تک 367،باغ جناح میں 166 اور دھوبی گھاٹ گراؤنڈ(اقبال پارک) میں 137 درخت ٹرانسپلانٹ کئے گئے ہیں ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی/سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید نے باغ جناح میں ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کا دورہ کیا۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹرعمران حامد شیخ نے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے قیام کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان اور دیگر افسران موجود تھے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے فیصل آباد میٹرو روٹ پر آنے والے درختوں کو مختلف سائٹس پر ری ٹرانسپلانٹ کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ کمشنر فیصل آباد نے گہری دلچسپی لیکر درخت تیز رفتاری سے منتقل اور ٹرانسپلانٹ کرائے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ موسم بہار تک یہ درخت مکمل طور پر سرسبز وشاداب ہونگے اور شاہکار آرچرڈ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع کی ہارٹیکلچر ایجنسی کو بھی اسی طرز کے اقدامات کرنے چاہیں کیونکہ ہر ضلع میں ترقیاتی کام جاری اور درخت زد میں آتے ہیں جنہیں منتخب سائٹس پر ری پلانٹ کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی کی جاری کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ آرچرڈ کا دوبارہ دورہ بھی کریں گے۔کمشنر نے بتایا کہ پاکستان کے پہلے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ میں ایک ایک درخت کی نگہداشت کی جارہی ہے تاکہ وہ نشوونما پائیں ۔انہوں نے بتایا کہ باغ جناح میں صبح و شام سیر کے لئے آنے والی کمیونٹی نے بھی آرچرڈ کے قیام میں گہری دلچسپی لی جبکہ عوام الناس کی طرف سے میٹرو روٹس کے متاثرہ درختوں کو ری پلانٹ کرنے کے اقدام کی پذیرائی ہورہی ہے۔انہوں نے عزم کو دہرایا کہ فیصل آبادمیں کوئی درخت ضائع نہیں ہونے دیں گے اور انہیں پروان چڑھا کر ماحول کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خوشگوار بنائیں گے۔








