پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر راولپنڈی اور چکوال میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے، خلاف ورزیوں پر 14 لاکھ روپے جرمانے عائد اور ایک مقدمہ درج کروا دیا
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،خلاف ورزیوں پر 14 لاکھ روپے جرمانے عائد ،5 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی مضر صحت اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش تلف

مزید خبریں
راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر راولپنڈی اور چکوال میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے، خلاف ورزیوں پر 14 لاکھ روپے جرمانے عائد اور ایک مقدمہ درج کروا دیا جبکہ 5 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی مضر صحت اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش تلف کر دی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق تلف کی جانے والی اشیاء میں 4 ہزار 350 کلوگرام زیرہ، 2 ہزار 110 لیٹر زائد المیعاد مشروبات، 770 کلوگرام دھنیا پاؤڈر، 10 ہزار گٹکا ساشے، 537 کلوگرام زائد المیعاد خوراک، 455 کلوگرام چائنیز نمک، 400 کلوگرام مضر صحت گوشت اور 300 کلوگرام اچار شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 200 کلوگرام سنیکس اور چاکلیٹس جبکہ 25 کلوگرام ممنوعہ نان فوڈ گریڈ رنگ بھی تلف کیا گیا۔ منصور احمد نے کہا کہ مضر صحت پانی لگا گوشت سپلائی کرنے پر مقدمہ درج کرایا گیا ہے جبکہ دیگر کارروائیاں قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر عمل میں لائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خوراک کا کاروبار مقررہ قوانین اور معیار کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔ شہری خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔







