وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فریٹ آپریشنز میں توسیع، آمدن میں اضافے، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور ادارہ جاتی احتساب کو موثر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے
وفاقی وزیرِ ریلوے کی زیرِ صدارت اجلاس، جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف مقرر

مزید خبریں
لاہور۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فریٹ آپریشنز میں توسیع، آمدن میں اضافے، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور ادارہ جاتی احتساب کو موثر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں تاجر برادری کی ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے کے مفاد میں مزید مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ فریٹ کی استعداد بڑھانے کے ساتھ آمدن میں بھی اضافہ کیا جا سکے۔
فریٹ آمدن میں اضافے اور مال برداری کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے خانیوال میں ڈرائی پورٹ قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس اقدام سے کارگو کی ہینڈلنگ میں بہتری اور فریٹ کاروبار کے فروغ میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے مکینیکل وجوہات کے باعث پیش آنے والے ٹرین حادثات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار ٹرین ایگزامینرز کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے 31 دسمبر تک ملک بھر میں مزید پانچ وے برج نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ادارے کی آپریشنل کارکردگی اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے ہیڈکوارٹرز کی سطح پر آپریشنل میٹنگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئندہ یہ اجلاس ڈویژنل سطح پر منعقد ہوں گے تاکہ مسائل کا بروقت حل، موثر نگرانی اور ذمہ دارانہ فیصلہ سازی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں ریلوے نظام سے ڈی وی ایم اور ڈی وی ایس کوچز کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مزید برآں، پیداوار میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے سلیپر فیکٹریوں میں ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔وفاقی وزیر نے انجنوں اور مسافر کوچز کے پرزہ جات کی خریداری میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خریداری کے عمل میں حائل رکاوٹیں دور کرکے ضروری پرزہ جات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔دریں اثنا، وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے میں برانچ ریلوے لائنوں کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر وزیر پنجاب نے برانچ لائنوں کی بحالی کے لیے درکار فنڈز فوری جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔







