چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے اور بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی پر سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کوکامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے اور بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی پر سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔پیر کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نےدہشت گردوں کی جانب سے مساجد کو پناہ گاہوں اور عقوبت خانوں میں تبدیل کیے جانے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مذموم اقدامات نہ صرف عبادت گاہوں کے تقدس کی کھلی پامالی ہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کی بھی سنگین تحریف ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مساجد امن، عبادت، روحانی تربیت اور رشد و ہدایت کےمقدس مراکز ہیں۔ ان مقامات کو تشدد اور دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا نہ صرف ہماری مذہبی اقدار کی صریح توہین ہے بلکہ پوری قوم کے اجتماعی ضمیر پر بھی کاری ضرب ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے ان کی قربانیاں اور مسلسل کاوشیں ناقابلِ فراموش ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی پاکستان کے آئینی نظام، جمہوری اداروں اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی پارلیمان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کی جان و مال، عزت و وقار کے تحفظ کے لیے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کی جانے والی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے قومی یکجہتی، ادارہ جاتی ہم آہنگی، باہمی تعاون اور قانون کی بالادستی سے غیر متزلزل وابستگی ناگزیر ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم پختہ، واضح اور غیر متزلزل ہے۔ کوئی بھی نظریہ، بہانہ یا مذہب کا ناجائز استعمال بے گناہ انسانوں کے خلاف تشدد کا جواز فراہم نہیں کر سکتا اور نہ ہی ملک کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کو شکست دینے اور پاکستان کو ایک پُرامن،مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کے لیے متحد اور پُرعزم ہے۔







