لاہور، تاریخی کرشنا مندر میں دیوالی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا اظہار

ہندوؤں کا مذہبی تہوار دیوالی لاہور کے تاریخی کرشنا مندر راوی روڈ پر روایتی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرکے بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کا اظہار کیا۔متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اشتراک سے مرکزی تقریب کا اہتمام …

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):ہندوؤں کا مذہبی تہوار دیوالی لاہور کے تاریخی کرشنا مندر راوی روڈ پر روایتی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرکے بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کا اظہار کیا۔متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اشتراک سے مرکزی تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں ہندو برادری کے ارکان کے علاوہ مسلم، سکھ اور مسیحی برادریوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔

تاریخی کرشنا مندر کو رنگ برنگی روشنیوں اور پھولوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔اس موقع پر خصوصی عبادات اور مذہبی رسومات ادا کی گئیں جبکہ بھگوان رام کی روایتی پوجا بھی کی گئی۔تقریب میں ای ٹی پی بی کے سیکرٹری نذیر مشتاق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عثمان خان اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سعادت شہباز خان بھی یہاں موجود تھے۔دیوالی کے موقع پر ای ٹی پی بی کے زیر انتظام دیگر مذہبی مقامات پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں سیالکوٹ کا شوالا تیجا مندر، دادو، کراچی اور سکھر کے مندر اور دیگر مذہبی مقامات شامل ہیں جہاں ہندو برادری نے روایتی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ تہوار منایا۔

ای ٹی پی بی کے چیئرمین قمر زمان کی خصوصی ہدایات پر ہندو برادری کو سہولیات کی فراہمی اور تہوار کے پُرامن، محفوظ اور باوقار انعقاد کے لیے جامع انتظامات کیے گئے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای ٹی پی بی کے سیکرٹری نذیر مشتاق نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کو اپنے عقائد کے مطابق آزادانہ اور محفوظ ماحول میں مذہبی تہوار منانے کے مساوی مواقع فراہم کرنا بورڈ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال،تزئین و آرائش اور تحفظ کے ساتھ مذہبی تقریبات کے لیےضروری سہولیات کی فراہمی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومتی عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کو اپنے مذہبی تہوار منانے کی حاصل آزادی مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی ایک مثال ہے۔