رانا ثناء اللہ کا اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے پر زور

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے مؤثر طرز حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ سازی کے اختیارات اور مالی وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ نئے صوبوں یا اضافی انتظامی یونٹس کا قیام نہیں بلکہ اختیارات، اتھارٹی اور وسائل کی …

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے مؤثر طرز حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ سازی کے اختیارات اور مالی وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ نئے صوبوں یا اضافی انتظامی یونٹس کا قیام نہیں بلکہ اختیارات، اتھارٹی اور وسائل کی مؤثر منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد انتظامی، مالی اور فیصلہ سازی کے مزید اختیارات یونین کونسلز سمیت نچلی سطح تک منتقل کیے جانے چاہئیں تاہم یہ عمل تاحال زیر التوا ہے۔ اس مقصد کے لیے مناسب ادارہ جاتی ڈھانچہ اختیار کیا جائے گا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس معاملے پر بحث اور اختیارات و وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کے مؤثر نظام پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیےپارلیمنٹ موزوں فورم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کےقیام سے متعلق کوئی بھی فیصلہ پارلیمانی بحث اورمشاورت کے ذریعے کیا جائے گاجس میں تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کے مؤقف اور تحفظات کو مدنظر رکھا جائے گا۔