اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے)نےاپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ غزہ میں شدید بارشوں کے باعث ایک شیر خوار بچہ مبینہ طور پر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ ریت کا ایک بڑا ٹیلہ خیموں پر گرنے سے 3 بچوں سمیت 5فلسطینی جاں بحق ہو گئے
اقوام متحدہ کا غزہ کی پٹی میں بگڑتی انسانی صورتحال پر اظہار تشویش

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔10نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے)نےاپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ غزہ میں شدید بارشوں کے باعث ایک شیر خوار بچہ مبینہ طور پر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ ریت کا ایک بڑا ٹیلہ خیموں پر گرنے سے 3 بچوں سمیت 5فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق رام اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سپیشل کوآرڈینیٹر رامز العکبروف نے کہا کہ بارش کو روکنا ممکن نہیں تاہم کمزور اور متاثرہ افراد کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے بیشتر شہری بوسیدہ خیموں میں رہ رہے ہیں جو دوسرے علاقوں میں معمولی سمجھے جانے والے طوفان کا بھی مقابلہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار پانی نکالنے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے، ریت کی بوریوں کے ذریعے متاثرہ مقامات کو محفوظ بنانے، پناہ گاہوں کی مرمت اور ہنگامی امدادی سامان کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم غزہ میں خیموں، ترپالوں، کمبلوں اور کپڑوں کا انسانی امدادی ذخیرہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔رامز العکبروف نے امدادی سامان کی ترسیل میں حائل تمام غیر ضروری پابندیاں اور تاخیر فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا، جن میں پانی نکالنے والے ٹرکوں، پمپوں، بھاری مشینری، انجن آئل، سپیئر پارٹس، خیموں، ترپالوں، پلاسٹک شیٹس، کمبلوں اور سردیوں کے کپڑوں کی فراہمی میں رکاوٹیں بھی شامل ہیں۔دریں اثنا، آبادی والے علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔یاد رہے کہ غزہ میں جمعہ کی شب بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ہزاروں فلسطینی خاندان اپنے عارضی ٹھکانوں اور گھریلو سامان سے محروم ہو گئے، جبکہ بے گھر افراد کے کیمپ زیر آب آ گئے، تباہ شدہ عمارتیں منہدم ہو گئیں اور پانچوں گورنریٹس میں بنیادی خدمات متاثر ہوئیں۔







