وزیراعظم محمد شہباز شریف 10 سے 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی ( یو این ایف سی سی) کے تحت کوپ 31 کانفرنس کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 کانفرنس میں شرکت کے لیے 10 تا 12 نومبر ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ کا بیان

مزید خبریں
اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف 10 سے 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی ( یو این ایف سی سی) کے تحت کوپ 31 کانفرنس کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم 11 نومبر کو عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ کرۂ ارض کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تیزی سے شمسی توانائی کے فروغ اور قابلِ تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے جو صاف ستھری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں زیادہ مستحکم معیشت کی جانب منتقلی کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اس کے علاوہ آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے قابلِ پیش گوئی، مناسب اور آسانی سے قابلِ رسائی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی پر بھی زور دیں گے ۔ وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر کوپ 31 کی صدارت کی جانب سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے گول میز اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ترکیہ کی قیادت اور دنیا کے متعدد دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے عالمی ایجنڈے کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اظہار ہے۔ اس موقع سے پاکستان کو موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع بھی ملے گا.






