جنوبی ایشیا میں نوجوان اور کام کرنے کی عمر کی بڑی آبادی سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے مواقع تیزی سے محدود ہو رہے ہیں،عالمی بینک

عالمی بینک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں نوجوان اور کام کرنے کی عمر کی بڑی آبادی سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے مواقع تیزی سے محدود ہو رہے ہیں اور خطے کی آبادی تیزی سے عمر رسیدہ ہونے کی جانب بڑھ رہی ہے۔

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):عالمی بینک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں نوجوان اور کام کرنے کی عمر کی بڑی آبادی سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے مواقع تیزی سے محدود ہو رہے ہیں اور خطے کی آبادی تیزی سے عمر رسیدہ ہونے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق آئندہ ایک دہائی سے بھی کم عرصے میں جنوبی ایشیا کی کام کرنے کی عمر کی آبادی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد کم ہونا شروع ہو جائے گی جبکہ 2049 تک خطے کی 14 فیصد آبادی کی عمر 65 سال یا اس سے زیادہ ہو جائے گی۔ جنوبی ایشیا میں آبادیاتی تبدیلی۔ترقی کے لیے موافق حالات سے بڑھتے ہوئے چیلنجز تک” کے نام سے جاری رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیاء میں اس وقت کام کرنے کی عمر کے افراد کی تعداد 1.17 ارب ہے جو خطے کے لیے ایک بڑا معاشی موقع ہے، تاہم اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ سال 2000 سے کام کرنے کی بہترین عمر کے بالغ افراد کے تناسب میں اضافے نے جنوبی ایشیا کی مجموعی قومی پیداوار میں سالانہ 0.4 فیصد اضافے اور محنت کی پیداواری صلاحیت میں سالانہ 1.1 فیصد بہتری میں مدد فراہم کی ہے تاہم خطہ کی آبادی کے عمر رسیدہ ہونے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ تبدیلی دیگر مساوی ترقی پذیر معیشتوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے اور فی کس آمدنی کی نسبتا کم سطح پر رونما ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اوسطا ایک ترقی پذیر معیشت کو عمر رسیدہ آبادی سے بڑی عمر کی آبادی کے مرحلے تک پہنچنے میں 32 سال لگتے ہیں جبکہ جنوبی ایشیا یہ تبدیلی صرف 25 سال میں مکمل کرے گا۔ اس کے نتیجے میں خطے کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عمر رسیدہ آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے نظام کی تیاری کے لیے نسبتا کم وقت میسر ہوگا۔ عالمی بینک کے مطابق 2050 تک جنوبی ایشیا کی جی ڈی پی کی نمو میں آبادیاتی عوامل کا سالانہ حصہ کم ہو کر صرف 0.1 فیصد رہ جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے کو روزگار کے مواقع کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ جنوبی ایشیا کی کام کرنے کی عمر کی آبادی میں سے صرف 60 فیصد افراد برسرروزگار ہیں جبکہ ملازمت کرنے والے افراد میں سے 88 فیصد غیر رسمی شعبے سے وابستہ ہیں جہاں آمدنی کم اور روزگار کا تحفظ محدود ہوتا ہے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صحت کی سہولیات، طویل مدتی نگہداشت اور پنشن کے نظام بھی عمر رسیدہ ہوتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب طور پر تیار نہیں۔ جنوبی ایشیا کی کام کرنے کی عمر کی آبادی میں سے صرف 17 فیصد افراد پنشن اسکیموں میں حصہ لیتے ہیں جبکہ عمر رسیدہ افراد میں سے صرف 10 فیصد کو پنشن کی کوئی سہولت حاصل ہے، جو عالمی سطح پر سب سے کم شرح ہے۔ عالمی بینک نے جنوبی ایشیائی ممالک کو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے دوہری حکمت عملی اختیار کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے تحت زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل روزگار کے مواقع پیدا کرنے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے، کاروباری ضوابط آسان کرنے، صحت، تعلیم اور فنی مہارتوں کے معیار کو بہتر بنانے اور خواتین کی ملازمت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

مزید خبریں