خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے حکام سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیرعلی شیر تختائیف نے ملاقات کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لینا تھا
ایس آئی ایف سی کے حکام سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات،خصوصی اقتصادی زونز سمیت اہم شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے حکام سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیرعلی شیر تختائیف نے ملاقات کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔اس موقع پردونوں ممالک کے درمیان ٹیکسٹائل، غذائی اجناس کی تیاری و پراسیسنگ، زراعت، تعمیرات و املاک اور خصوصی اقتصادی زونز سمیت اہم شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی روابط کے فروغ، دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست تعاون بڑھانے اور سرحد پار سرمایہ کاری و تجارتی شراکت داری کے نئے امکانات سے استفادہ کرنے پر بھی توجہ دی گئی۔ملاقات میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مربوط ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے اور متعلقہ فریقین کے درمیان موثر روابط قائم کرنے کے لیے مرکزی سہولت کار کے طور پر کام کر رہی ہے۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا کہ نجی شعبے کی زیادہ فعال شمولیت، کاروباری روابط میں بہتری اور مشترکہ اقتصادی مفادات کے حامل شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان اور ازبکستان کے اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت دی جا سکتی ہے۔ایس آئی ایف سی بین الاقوامی سرمایہ کاری کی شراکت داریوں کے فروغ، دوطرفہ کاروباری روابط میں سہولت اور باہمی تعاون کے دستیاب امکانات کو عملی اقتصادی مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ پاکستان کوسرمایہ کاری کے پُرکشش مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔







