وفاقی وزیر احسن اقبال کی پارلیمانی نگرانی اور سرکاری محکموں کے احتساب کا نظام موثر بنانے کے لیے متعدد اصلاحات تجویز

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پارلیمانی نگرانی کے نظام کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لیے مقررہ مدت میں آڈٹ، پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ہدایات پر ڈیجیٹل ٹریکنگ، پیشہ ورانہ تحقیقی معاونت اور سرکاری محکموں کے کارکردگی پر مبنی احتساب سمیت متعدد اصلاحات تجویز کی ہیں۔

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پارلیمانی نگرانی کے نظام کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لیے مقررہ مدت میں آڈٹ، پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ہدایات پر ڈیجیٹل ٹریکنگ، پیشہ ورانہ تحقیقی معاونت اور سرکاری محکموں کے کارکردگی پر مبنی احتساب سمیت متعدد اصلاحات تجویز کی ہیں۔بدھ کو یہاں ’’پارلیمانی نگرانی کا استحکام، پبلک اکائونٹس کمیٹی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور وزارت خزانہ کو اس بات پر اتفاق کرنا چاہیے کہ ہر مالی سال کے اختتام کے 12 ماہ کے اندر آڈٹ شدہ رپورٹس پی اے سی میں پیش کی جائیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ریئل ٹائم اور خطرات کی بنیاد پر آڈٹ کو معمول کا حصہ بنایا جائے جبکہ پی اے سی کی ہر ہدایت پر عملدرآمد کے لیے واضح مدت مقرر کی جائے۔وفاقی وزیر نے پی اے سی سیکرٹریٹ اور آڈیٹر جنرل کے دفتر کے درمیان ڈیجیٹل کمپلائنس ٹریکنگ کا نظام قائم کرنے کی بھی تجویز دی جس کے تحت ایک ڈیش بورڈ کے ذریعے کمیٹی کی ہدایات پر متعلقہ محکموں کی جانب سے عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ پی اے سی کی ہدایات کو مسلسل نظر انداز کرنے والے پرنسپل اکائونٹنگ افسران (پی اے اوز) کے خلاف ان کی کارکردگی کی جانچ کے دوران کارروائی ہونی چاہیے اور ان کی سالانہ خفیہ رپورٹس (اے سی آرز) میں کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کو اہمیت دی جانی چاہیے۔احسن اقبال نے پارلیمانی نگرانی کی ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پی اے سی میں مستقل پیشہ ورانہ تحقیقی شعبے قائم کرنے کی تجویز دی جن میں تجزیہ کار، اکائونٹنٹس اور ڈیٹا ماہرین شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ یونیسف سمیت ترقیاتی شراکت دار ادارہ جاتی تربیت، تکنیکی معاونت اور ضروری آلات کی فراہمی کے ذریعے اس اقدام میں معاونت کر سکتے ہیں تاہم پارلیمنٹ اور اس کے متعلقہ اداروں کو بھی اپنی استعداد کار بڑھانے میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آڈٹ کے روایتی مالیاتی دائرہ کار سے آگے بڑھتے ہوئے کارکردگی اور افادیت کے آڈٹ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، بالخصوص بڑے سماجی شعبے کے پروگراموں کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کو اہم سماجی شعبے کے منصوبوں کی حقیقی کارکردگی اور حاصل ہونے والے نتائج کے جائزے کو بھی مالیاتی آڈٹ کے برابر اہمیت دینی چاہیے جبکہ پی اے سی کو بھی ان پروگراموں کے نتائج پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔بچوں کی ترقی و بہبود کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سالانہ آڈٹ رپورٹس سماجی شعبے کے پروگراموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر سکتی ہیں جس میں یونیسف کی تکنیکی معاونت بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔احسن اقبال نے آڈیٹر جنرل کے دفتر، پلاننگ کمیشن اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تاکہ آڈٹ کے نتائج ترقیاتی منصوبہ بندی اور بجٹ سازی کے فیصلوں میں رہنمائی فراہم کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ نئے فنڈز مختص کرنے سے قبل منصوبوں میں بار بار سامنے آنے والی ناکامیوں اور خامیوں کا جامع آڈٹ کیا جانا چاہیے۔

آڈٹ رپورٹس کی مدد سے یہ تعین کیا جائے کہ آیا منصوبے اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کر رہے ہیں اور انہیں مزید بجٹ فراہم کیا جانا چاہیے یا نہیں۔ملک کو درپیش انسانی ترقی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تقریباً 40 فیصد آبادی ترقی کے عمل سے باہر رہ جاتی ہے جس سے پاکستان کے لیے اپنے آبادیاتی ثمرات (ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ) سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی آبادی اسی وقت معاشی اثاثہ بن سکتی ہے جب عوام صحت مند، تعلیم یافتہ اور قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل ہوں۔وفاقی وزیر نے بچوں میں غذائی قلت کے باعث نشوونما میں کمی (سٹنٹنگ) کو قومی ہنگامی مسئلہ قرار دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کم از کم 90 فیصد شرح خواندگی کا حصول قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک نے 90 فیصد شرح خواندگی حاصل کیے بغیر ترقی نہیں کی۔انہوں نے پارلیمانی نگرانی اور ادارہ جاتی احتساب کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تقریب کے انعقاد اور اہم امور پر تبادلہ خیال میں سہولت فراہم کرنے پر یونیسف کی کاوشوں کو سراہا۔