وفاقی وزیر برائے قانون ، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025ء اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لئے اہم قانونی پیشرفت ہے، توقع ہے کہ قومی کمیشن آئندہ چند ہفتوں میں فعال ہو جائے گا۔
قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت آئندہ چند ہفتوں میں فعال ہو جائے گا، اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون ، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025ء اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لئے اہم قانونی پیشرفت ہے، توقع ہے کہ قومی کمیشن آئندہ چند ہفتوں میں فعال ہو جائے گا۔بدھ کو بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ کی تیاری میں تمام مذہبی اقلیتی برادریوں سے مشاورت کی گئی اور دو سالہ مشاورتی عمل کے بعد متفقہ مسودہ تیار کیا گیا۔
قومی کمیشن کے چیئرمین اور اراکین کی نامزدگی اور تقرری کا عمل وزیرِ اعظم اور قائدِ حزبِ اختلاف کے ذریعے جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور انسانی وقار کا تحفظ ایک پرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 20، 25 اور 36 میں مذہبی آزادی، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، مذہبی اقلیتوں نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت، عدلیہ اور مسلح افواج سمیت قومی ترقی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اجتماعی ذمہ داری، تعلیم، ذمہ دار مذہبی قیادت اور بامعنی مکالمہ ضروری ہے، بار ایسوسی ایشنز کو بھی قانونی آگاہی کے فروغ اور کمزور طبقات کی معاونت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔وفاقی وزیر نے ہولی سٹی (ویٹیکن) کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ میں اس کے کردار کو بھی سراہا۔کانفرنس میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بھی شرکت کی۔







