لیسکو قصور سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون، 12 افراد گرفتار

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منیجر آپریشن قصور سرکل انجینئر احمد شہزاد چغتائی کی نگرانی میں قصور سرکل کے مختلف ڈویژنز میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں

لاہور۔11نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منیجر آپریشن قصور سرکل انجینئر احمد شہزاد چغتائی کی نگرانی میں قصور سرکل کے مختلف ڈویژنز میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق قصور رورل،پھول نگر اور چونیاں ڈویژنز کی مختلف سب ڈویژنز میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر21 غیر قانونی کنکشنز اور ڈائریکٹ ہکس پکڑے گئےجبکہ بجلی چوری میں ملوث12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران31 بجلی میٹرز اور 10 ٹرانسفارمرز اتار لیے گئےجبکہ ایل ٹی لائن اور پی وی سی کیبلز بھی ہٹائی گئیں۔

ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر35 لاکھ 20 ہزار روپے نقد ریکوری کی گئی جبکہ 80 ہزار روپے ڈیڈ ریکوری کی مد میں بھی رپورٹ ہوئے۔بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے، قومی وسائل کے تحفظ اور بجلی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔