نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان ریلوے کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت ادارہ کی تنظیم نو سے متعلق تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، پاکستان ریلوے کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت ادارہ کی تنظیم نو سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان ریلوے کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت ادارہ کی تنظیم نو سے متعلق تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان کے مطابق اجلاس میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور مالی استحکام یقینی بنانے کے لیے مالی اعانت کے مختلف طریقہ کار اور آپریشنل ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے تنظیم نو کے مختلف امکانات پر غور کیا جن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، مقامی بینکوں سے مالی معاونت اور بین الاقوامی فنڈنگ کے طریقہ کار شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جدید، موثر اور مالی طور پر پائیدار ریلوے نیٹ ورک قومی اقتصادی انضمام اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مالی معاونت کے تمام ممکنہ ذرائع کا جائزہ لیں، بالخصوص مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے کے روہڑی تا ملتان سیکشن پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کمرشل بینکوں سے مالی اعانت کے حصول کا مناسب طریقہ کار وضع کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکرٹریز ریلوے اور اقتصادی امور ڈویژن، سپیشل سیکرٹری خزانہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔







