سری لنکن بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی باؤلرز کو بے بس کر دیا،
سری لنکن بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی باؤلرز کو بے بس کر دیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):سری لنکن بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی باؤلرز کو بے بس کر دیا، دھننجایا ڈی سلوا اور کپتان کوسال مینڈس کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا کر میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔ دونوں بیٹرز کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے، دھننجایا ڈی سلوا 167 اور کوسال مینڈس 117 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دن میں واحد وکٹ حاصل کی۔
بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 114 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو دھننجایا ڈی سلوا 22 اور کامندو مینڈس 40 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ کامندو مینڈس 58 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد دھننجایا ڈی سلوا اور کوسال مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دونوں بیٹرز نے عمدہ اسٹروک کھیلتے ہوئے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ دھننجایا ڈی سلوا نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 14ویں سنچری مکمل کی۔ وہ 20 چوکوں کی مدد سے 167 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ کپتان کوسال مینڈس نے 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 117 رنز اسکور کیے ہیں۔ سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 30 رنز درکار ہیں۔







