پاکستان نے مالی سال 26۔2025کے دوران تازہ پیاز، چھوٹے پیاز (شالوٹس) اور خشک پیاز کی برآمدات سے 2 کروڑ 16 لاکھ 80 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا
پاکستان نے مالی سال 2026 میں پیاز کی برآمدات سے 2 کروڑ 16 لاکھ 80 ہزار ڈالر کمائے

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان نے مالی سال 26۔2025کے دوران تازہ پیاز، چھوٹے پیاز (شالوٹس) اور خشک پیاز کی برآمدات سے 2 کروڑ 16 لاکھ 80 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا جبکہ ان مصنوعات کی مجموعی برآمدی مقدار تقریباً ایک لاکھ 9 ہزار 758 ٹن رہی۔ تازہ پیاز کی بڑی مقدار بنیادی طور پر ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کو برآمد کی گئی جبکہ خشک پیاز کی اہم برآمدی منڈیوں میں سعودی عرب، آسٹریلیا اور امریکا شامل رہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری اعدادوشمار کے مطابق تازہ پیاز اور شالوٹس کی برآمدات سے ایک کروڑ 97 لاکھ 90 ہزار ڈالر حاصل ہوئے جبکہ ان کی برآمدی مقدار ایک لاکھ 8 ہزار 680 ٹن رہی۔ یہ دونوں مصنوعات کی مجموعی برآمدی آمدن کا 91.3 فیصد بنتا ہے۔
اس طرح مجموعی برآمدی مالیت میں تازہ پیاز اور شالوٹس کا حصہ سب سے زیادہ رہا۔ملائیشیا تازہ پیاز اور شالوٹس کی سب سے بڑی برآمدی منڈی کے طور پر سامنے آیا جس نے 72 لاکھ 70 ہزار ڈالر مالیت کی مصنوعات درآمد کیں۔ متحدہ عرب امارات 49 لاکھ 90 ہزار ڈالر کے ساتھ دوسرے اور سری لنکا 36 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ان تینوں منڈیوں کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 59 لاکھ 30 ہزار ڈالر مالیت کی تازہ پیاز اور شالوٹس برآمد کئے گئے جو اس زمرے کی مجموعی برآمدی آمدن کا 80.5 فیصد بنتے ہیں۔دیگر اہم برآمدی منڈیوں میں عمان شامل تھا جس نے 15 لاکھ 60 ہزار ڈالر مالیت کی تازہ پیاز اور شالوٹس درآمد کئے۔ سنگاپور کو 839,876 ڈالر اور قطر کو 825,249 ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئیں۔ان چھ بڑی منڈیوں کا تازہ پیاز اور شالوٹس کی مجموعی برآمدی مالیت میں حصہ 96.8 فیصد رہا۔خشک پیاز کی برآمدات سے مزید 19 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ اس کی برآمدی مقدار تقریباً ایک ہزار 77 ٹن رہی۔اگرچہ خشک پیاز کی برآمدی مقدار تازہ پیاز کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم تھی تاہم اس کی اوسط برآمدی قیمت 1.76 ڈالر فی کلوگرام رہی جبکہ تازہ پیاز اور شالوٹس کی اوسط برآمدی قیمت تقریباً 0.18 ڈالر فی کلوگرام تھی۔ یہ فرق دونوں اقسام کی مصنوعات کی مختلف خصوصیات اور تجارتی قدر کو ظاہر کرتا ہے۔سعودی عرب خشک پیاز کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا جہاں 812,428 ڈالر مالیت کی خشک پیاز برآمد کیا گیا ۔ یہ خشک پیاز کی مجموعی برآمدی مالیت کا 42.8 فیصد بنتا ہے۔
آسٹریلیا 270,001 ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ امریکا نے 251,021 ڈالر مالیت کی خشک پیاز درآمد کی۔ ان تینوں منڈیوں کا خشک پیاز کی مجموعی برآمدی آمدن میں حصہ 70.3 فیصد رہا۔خشک پیاز کی برآمدات برطانیہ تک بھی پہنچیں جہاں 163,968 ڈالر مالیت کی مصنوعات برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کو 126,951 ڈالر، کینیڈا کو 73,304 ڈالر اور فرانس کو 60,791 ڈالر مالیت کی خشک پیاز برآمد کی گئی۔یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ خشک پیاز کی برآمدی منڈیوں کی جغرافیائی تقسیم تازہ پیاز کی منڈیوں سے مختلف رہی۔یہ فرق خاص طور پر امریکا اور آسٹریلیا کی منڈیوں میں نمایاں تھا۔ امریکا کو خشک پیاز کی برآمدات سے 251,021 ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ تازہ پیاز اور شالوٹس کی برآمدی مالیت 56,856 ڈالر رہی۔اسی طرح آسٹریلیا کو خشک پیاز کی برآمدات کی مالیت 270,001 ڈالر رہی، جبکہ تازہ پیاز اور شالوٹس کی برآمدات سے 37,729 ڈالر حاصل ہوئے۔مجموعی طور پر اعدادوشمار پیاز کی برآمدات کے دو مختلف لیکن ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والے ذرائع کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تازہ پیاز اور شالوٹس کی بڑی مقدار میں ایشیائی اور خلیجی منڈیوں کو برآمدات سے زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ خشک پیاز نے نسبتاً زیادہ اوسط فی یونٹ قیمت کے باعث مختلف بین الاقوامی منڈیوں سے اضافی زرمبادلہ کمانے میں کردار ادا کیا۔







