قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے
سرکاری حسابات کی جوابدہی کا سب سے اہم فورم پبلک اکائونٹس کمیٹی ہے، قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سرکاری حسابات کی جوابدہی کا سب سے اہم فورم پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی )ہے، اس ادارے کی صلاحیتوں میں اضافہ اور اسے مضبوط بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹیری اوورسائٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اکثر بات کرتے ہیں کہ گورننس کو بہتر کرنا انتہائی اہم ہے لیکن ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ ہم اس سلسلہ میں کیا کر رہے ہیں اور کیا کرنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری حسابات کے حوالے سے اداروں کی جوابدہی کے لئے پبلک اکائونٹس کا فورم انتہائی اہم ادارہ ہے، ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ کس طرح آئینی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے پی اے سی کو مضبوط بنانا اور سرکاری حسابات کی جوابدہی کےلئے اس کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جمہوری تعطل کی بنا پر زیر التوا آڈٹ اعتراضات پر بھی غور نہیں ہو سکتا جس کی وجہ سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کا کام بیک لاک کی وجہ سے بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کا بیک لاک 1979 سے تھا جس کو پنجاب کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے اپ ڈیٹ کیا، پبلک اکائونٹس کمیٹی وہ ادارہ ہے جو حکومت وقت کو بھی جوابدہ بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوابدہی کا یہ عمل متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسمبلیوں میں قانون سازی اسمبلیوں کے قواعد و ضوابط کے تحت ہی ہوتی ہے، پہلے یہ قانون ساز کونسل کی تجاویز پر ہوتی تھی، اب اس کونسل کا وجود نہیں ہے۔







