صوبائی محکمہ ہاو سنگ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت9 میگا انڈرگراو نڈ واٹر ٹینکس مکمل کر لیے ہیں
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 9 میگا انڈرگراو نڈ واٹر ٹینکس مکمل

مزید خبریں
لاہور۔11نومبر (اے پی پی):صوبائی محکمہ ہاو سنگ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت9 میگا انڈرگراو نڈ واٹر ٹینکس مکمل کر لیے ہیں۔ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ اور گوجرانوالہ میں میگا انڈرگراو نڈ واٹر ٹینکس کی تکمیل کے ساتھ ساتھ165 کلومیٹر سے زائد زیرِ زمین سیوریج لائنیں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔اس حوالے سے سیکرٹری ہاو سنگ پنجاب دانش افضال کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت15 اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ ہاوسنگ کے افسران نے منصوبوں پر پیش رفت اور جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری ہاوسنگ دانش افضال نے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کھدائی کے بعد معیاری فلنگ یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران معیار اور شہری خوبصورتی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ترجمان محکمہ ہاوسنگ کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2265 کلومیٹر سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے189 کلومیٹر طویل نکاسی آب کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ86 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تکمیل اور752 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر بھی پروگرام کا حصہ ہے۔اجلاس میں محکمہ ہاو سنگ کے افسران نے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔







