بلوچستان کا 27۔2026کے دوران پاکستان میں ماش کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 79 فیصد حصہ متوقع ہے
بلوچستان کا 27۔2026میں پاکستان کی ماش کی مجموعی پیداوار میں 79 فیصد حصہ متوقع

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):بلوچستان کا 27۔2026کے دوران پاکستان میں ماش کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 79 فیصد حصہ متوقع ہے جبکہ صوبے میں ماش کی پیداوار کا تخمینہ 4,100 ٹن اور قومی سطح پر مجموعی پیداوار کا تخمینہ 5,190 ٹن لگایا گیا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ماش خریف کی ایک اہم دال ہے جس کی سال 27۔2026کے دوران ملک بھر میں 6,400 ہیکٹر رقبے پر کاشت متوقع ہے۔ اس میں سے صرف بلوچستان میں 4,800 ہیکٹر رقبے پر ماش کی کاشت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو ملک میں اس فصل کے مجموعی زیر کاشت رقبے کا 75 فیصد بنتا ہے۔صوبے میں ماش کا زیر کاشت رقبہ26۔2025کے 4,630 ہیکٹر سے 3.7 فیصد بڑھ کر 4,800 ہیکٹر ہونے کا امکان ہے جو تقریباً 170 ہیکٹر اضافے کو ظاہر کرتا ہے تاہم صوبائی تخمینوں کے مطابق ماش کی پیداوار 4,220 ٹن سے 2.8 فیصد کم ہو کر 4,100 ٹن رہنے کا امکان ہے۔سال27۔2026میں بلوچستان میں ماش کی اوسط فی ہیکٹر پیداوار نسبتاً زیادہ، یعنی 854 کلوگرام رہنے کی توقع ہے۔
اگرچہ یہ گزشتہ سال کی 911 کلوگرام فی ہیکٹر پیداوار سے کم ہے تاہم صوبے کی متوقع اوسط پیداوار اب بھی قومی اوسط 810 کلوگرام فی ہیکٹر سے زیادہ ہے۔سندھ ایک اور صوبہ ہے جہاں سرکاری تخمینوں کے مطابق ماش کی کاشت اور پیداوار دونوں میں اضافہ متوقع ہے۔ وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ فصل کے سال کے مقابلے میں سندھ میں ماش کا زیر کاشت رقبہ 27.3 فیصد اور پیداوار 23.1 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔صوبائی تخمینوں کے مطابق 27۔2026میں سندھ میں تقریباً 30 ہیکٹر رقبے پر ماش کی کاشت اور تقریباً 20 ٹن پیداوار متوقع ہے۔ صوبے میں ماش کی اوسط پیداوار 571 کلوگرام فی ہیکٹر رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ 26۔2025میں یہ 590 کلوگرام فی ہیکٹر تھی۔خیبرپختونخوا میں 27۔2026کے دوران ماش کی پیداوار تقریباً 790 ٹن رہنے کی توقع ہے جبکہ گزشتہ فصل کے سال میں یہ 800 ٹن تھی۔
صوبے میں ماش کی اوسط پیداوار 906 کلوگرام فی ہیکٹر رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو دستاویز میں شامل چاروں صوبوں میں سب سے زیادہ ہے۔دوسری جانب پنجاب میں27۔2026کے دوران ماش کی پیداوار 280 ٹن رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ26۔2025میں یہ 590 ٹن تھی۔ اس طرح صوبے میں ماش کی پیداوار میں 52.5 فیصد کمی متوقع ہے۔پنجاب میں ماش کا زیر کاشت رقبہ بھی 1,300 ہیکٹر سے کم ہو کر 700 ہیکٹر رہنے کا امکان ہے جبکہ اوسط پیداوار 26۔2025کے 453 کلوگرام فی ہیکٹر سے کم ہو کر27۔2026میں 400 کلوگرام فی ہیکٹر رہنے کی توقع ہے۔قومی سطح پر27۔2026کے دوران ماش کی مجموعی پیداوار 7.7 فیصد کم ہو کر 5,190 ٹن رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ26۔2025میں یہ 5,620 ٹن تھی۔اسی طرح ملک بھر میں ماش کا زیر کاشت رقبہ 6,840 ہیکٹر سے کم ہو کر 6,400 ہیکٹر رہنے کی توقع ہے جبکہ اوسط فی ہیکٹر پیداوار 1.5 فیصد کمی کے ساتھ 822 کلوگرام سے کم ہو کر 810 کلوگرام رہنے کا امکان ہے۔







